اسلام آباد(فرقان نیازی سے) پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بہترین اور نمایاں خدمات سرانجام دینے پر پاکستان کمیونٹی مچراتہ (اٹلی) کے صدر چوہدری زاہد محمود ڈھیلوں کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق، چیئرمین پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے چوہدری زاہد محمود ڈھیلوں کی کمیونٹی کے لیے مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور جو لوگ ان کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہیں، وہ ہمارے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے چوہدری زاہد محمود کی خدمات کو دیگر تنظیمی رہنماؤں کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا
اس موقع پر پاک اٹلی پریس کلب (رجسٹرڈ) کے چیئرمین فرمان اللہ نیازی اور معروف سماجی شخصیت منظور الٰہی چیمہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں نے چوہدری زاہد محمود ڈھیلوں کو یہ اہم اعزاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ ایوارڈ اٹلی میں مقیم پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان کمیونٹی مچراتہ چوہدری زاہد محمود ڈھیلوں نے چیئرمین سید قمر رضا اور پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ اعزاز میرے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت میرا مشن ہے، اور میں مستقبل میں بھی اٹلی میں مقیم ہم وطنوں کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا
شرکاء نے چوہدری زاہد محمود ڈھیلوں کی صحت اور مستقبل کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کو دہرایا










