سینٹ پیٹرزبرگ (وائس آف رشیا) روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی نژاد ڈاکٹر ڈاکٹر فاروق محمد خان ہوتی کو روسی فیڈریشن کی وزارتِ صحت کی جانب سے ان کی پیشہ ورانہ خدمات، نمایاں کارکردگی اور دیانتدارانہ فرائض کی انجام دہی کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
روسی وزیرِ صحت میخائل موراشکو کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ نمبر 450-н کے مطابق ڈاکٹر فاروق محمد خان، جو سینٹ پیٹرزبرگ کی سٹی پولی کلینک نمبر 111 کے شعبۂ صحتِ عامہ کے سربراہ ہیں، کو وزارتِ صحت کی جانب سے باضابطہ طور پر اظہارِ تشکر (Gratitude of the Minister of Health of the Russian Federation) پیش کیا گیا۔
یہ اعزاز روسی صحت کے شعبے میں ان کی خدمات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین انجام دہی کے اعتراف میں دیا گیا ہے، جسے روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم کامیابی اور باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق محمد خان ہوتی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں سینٹ پیٹرزبرگ کی وزارتِ صحت، روسی فیڈریشن کی وزارتِ صحت کے محکمہ صحت کے سربراہ اور روسی فیڈریشن کے وزیرِ صحت کا میرے عہدے پر میری خدمات کو سراہنے اور اس اعزاز سے نوازنے پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔
روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور مختلف سماجی و پیشہ ورانہ حلقوں نے ڈاکٹر فاروق محمد خان کو اس اہم اعزاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے اعزاز اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت عوامی روابط کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا ہے۔











