روسی شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے POC کارڈ لازمی، پاکستانی امیگریشن قوانین پر عملدرآمد سخت

ماسکو/اسلام آباد (وائس آف رشیا) پاکستانی کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے روس میں مقیم پاکستانی نژاد افراد، خصوصاً روسی شہریت حاصل کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے نئے امیگریشن ضوابط کے تحت پاکستان اوریجن کارڈ (POC) بنوانا انتہائی ضروری ہو گیا ہے، بصورت دیگر انہیں فضائی سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جاری کردہ آگاہی مہم کے مطابق ایسے پاکستانی نژاد افراد جو روسی شہریت حاصل کر چکے ہیں، خواہ ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ بھی موجود ہو یا صرف روسی پاسپورٹ، انہیں پاکستان آمد و رفت کے لیے اپنے سفری دستاویزات مکمل رکھنے چاہئیں۔

آگاہی میں بتایا گیا ہے کہ POC (پاکستان اوریجن کارڈ) نادرا کی جانب سے جاری کیا جانے والا ایک شناختی کارڈ ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانی نژاد افراد کی قانونی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

بیان کے مطابق متعدد مسافر پاکستان تو ویزے پر پہنچ جاتے ہیں، تاہم واپسی کے وقت بعض ایئرپورٹس پر امیگریشن حکام POC کارڈ طلب کرتے ہیں، اور اس کی عدم موجودگی کی صورت میں مسافروں کو پرواز میں سوار ہونے سے روکا جا سکتا ہے، جس سے ٹکٹ ضائع ہونے اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ملک شہباز نے روس میں مقیم تمام پاکستانی نژاد افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے نادرا کے ذریعے اپنا POC کارڈ فوری بنوائیں یا بروقت تجدید کرائیں تاکہ پاکستان کے سفر کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ سفری منصوبہ بنانے سے پہلے اپنے پاسپورٹ، ویزا، POC یا دیگر متعلقہ دستاویزات کی مدت اور حیثیت ضرور چیک کریں تاکہ امیگریشن قوانین پر مکمل عمل درآمد ممکن ہو اور سفر محفوظ اور بلا تعطل رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں