ماسکو میں مقیم پاکستانی صحافی شاہد گھمن کی کتاب ’’مکتوبِ ماسکو‘‘ آن لائن شائع، قارئین کے لیے مفت دستیاب

ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں مقیم پاکستانی صحافی اور دنیا نیوز کے نمائندہ شاہد گھمن کی نئی کتاب ’’مکتوبِ ماسکو، روس، پاکستان اور بدلتی دنیا‘‘ آن لائن شائع کر دی گئی ہے۔ سیاست، سفارت، صحافت اور بدلتے عالمی تعلقات پر مبنی یہ کتاب اب قارئین ویب سائٹ پر مفت پڑھنے کے ساتھ PDF کی صورت میں ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں۔

183 صفحات پر مشتمل کتاب میں شاہد گھمن کے منتخب کالم شامل کیے گئے ہیں، جن میں روس کے سیاسی و انتظامی نظام، پاک روس تعلقات، عالمی طاقتوں کے درمیان بدلتی صف بندی، برکس، علاقائی سیاست، سفارت کاری اور پاکستان کو درپیش اہم قومی و بین الاقوامی معاملات کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

کتاب میں روس اور پاکستان کے ریاستی و انتظامی نظام کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے، جبکہ عالمی سیاست میں روس، چین، امریکا اور دیگر اہم ممالک کے کردار اور تیزی سے بدلتی بین الاقوامی صورت حال کو صحافتی نقطۂ نظر سے بیان کیا گیا ہے۔

شاہد گھمن 1996 سے شعبۂ صحافت سے وابستہ ہیں اور کئی برسوں سے ماسکو میں مقیم ہیں۔ وہ روسی وزارتِ خارجہ کے ساتھ رجسٹرڈ غیر ملکی صحافی ہیں اور روس سے دنیا نیوز کے لیے سیاسی، سفارتی اور پاکستانی کمیونٹی سے متعلق اہم سرگرمیوں کی رپورٹنگ کر رہے ہیں۔

’’مکتوبِ ماسکو‘‘ کا فرنٹ کور روس، پاکستان اور عالمی سیاست کی علامتی عکاسی کرتا ہے، جبکہ کتاب کا مکمل تعارف اور مصنف کی پروفائل بیک کور پر شامل کی گئی ہے۔

کتاب درج ذیل لنک پر آن لائن پڑھی اور PDF کی صورت میں ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے:

مکتوبِ ماسکو — شاہد گھمن

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں