پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور گلدستہ پیش — دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار

ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں تعینات ہونے والے نئے سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا سفارتخانہ کے پہلے دن پاکستان کمیونٹی روس کی جانب سے شانداراستقبال کیا گیا۔ اس موقع پرپاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے سفیرپاکستان کوخوش آمدید کہا اور انہیں یادگاری شیلڈ اورخوبصورت گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پرقونصلر رانا محمد خالد ضیا، ڈیفنس اتاشی محمد آصف خان جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات ڈاکٹربابراسلام، ڈاکٹر زاہد علی خان، یاسرفیض ملک، آصف ہاشمی، محمد سلمان ویگرشریک تھے.
اس موقع پرصدر پاکستان کمیونٹی روس ملک شہبازکا کہنا تھا کہ ہمیں سفارتخانہ پاکستان ماسکو میں نئے سفیر فیصل نیاز ترمذی کی آمد پر بے حد خوشی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی روس کو یقین ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا مثبت تشخص روس میں ہر سطح پر اجاگر ہو،چاہے وہ تعلیم کا میدان ہو، تجارت ہو یا ثقافت۔ ہماری کمیونٹی سفارتخانے کے شانہ بشانہ کام کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
ملک شہباز نے مزید کہا کہ روس میں موجود پاکستانی برادری ملک کے وقار کی نمائندہ ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہماری نئی نسل روسی معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے اتحاد اور تعاون سے نہ صرف پاکستان کا امیج بہتر ہو گا بلکہ پاکستانیوں کے لیے تعلیمی و تجارتی مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ روس میں پاکستان کے قومی مفادات اور عوامی تعلقات کے فروغ کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ ہر پاکستانی کے لیے کھلا ہے اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
















