ماسکو(وائس آف رشیا) روسی دارالحکومت ماسکو میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ملک کا پہلا بڑا شہری چارجنگ کمپلیکس باضابطہ طور پر کھول دیا گیا۔ یہ جدید کمپلیکس میٹرو اسٹیشن ولکولامسکایا کے قریب ’’موسکووسکی پارکنگ‘‘ کی پک اینڈ پارک سہولت پر قائم کیا گیا ہے اور اپنی نوعیت کا وہ پہلا نظام ہے جو بیک وقت متعدد گاڑیوں کو چارج کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کو خودکار طریقے سے منظم کرتا ہے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق کمپلیکس میں “انرجیا ماسکوی” منصوبے کے تحت 18 تیزرفتار چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے گئے ہیں جن کی طاقت 240 کلوواٹ تک ہے اور یہ تمام بڑے چارجنگ معیارات کو سپورٹ کرتے ہیں۔ یہ مرکز 24 گھنٹے فعال رہے گا اور روزانہ 500 سے زائد الیکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈرائیوروں کے لیے چارجنگ کے دوران انتظار کو آرام دہ بنانے کے لیے ریسٹ زون، کافی اور مختلف وینڈنگ مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
روسی نائب میئر برائے ٹرانسپورٹ و صنعت میکسم لِکسوتوف نے افتتاح کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ جدید الیکٹرک انفراسٹرکچر کی توسیع ماسکو کے میئر سرگئی سابینین کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے بقول یہ نیا چارجنگ کمپلیکس شہریوں کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی طرف منتقل ہونے کی ترغیب دے گا اور مستقبل میں مزید چارجنگ ہب کھولے جائیں گے اور ای وی چارجنگ نیٹ ورک کو شہر بھر میں توسیع دی جائے گی۔
اسی دوران موسگورٹرانس روس کا پہلا ٹرانسپورٹ آپریٹر بن گیا ہے جس نے 33 الیکٹرک LADA e-Largus گاڑیاں اپنی فلیٹ سروس میں شامل کی ہیں۔ یہ گاڑیاں نہ صرف ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال و مرمت کے لیے استعمال ہوں گی بلکہ سامان کی نقل و حمل اور شہری سروس اسٹیشنز کی آپریشنل ضروریات کو بھی پورا کریں گی۔ 2.5 مکعب میٹر کی گنجائش رکھنے والے یہ مکمل الیکٹرک فریٹ وین ماحول پر منفی اثرات سے پاک ہیں اور جدید چارجنگ اسٹیشنز اور پبلک ٹرانسپورٹ اسٹرکچر کی تنصیب و مرمت جیسے کام انجام دیں گی۔
LADA e-Largus گاڑیوں کی خصوصیات میں 72 منٹ کا فاسٹ چارجنگ وقت، 320 کلومیٹر تک کی رینج اور 531 کلوگرام تک لوڈ لے جانے کی صلاحیت شامل ہے، جس کے باعث یہ شہری سطح پر آپریشنل ضروریات کے لیے موزوں سمجھی جا رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے استعمال سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ پائیدار شہری ٹرانسپورٹ ماڈل کو بھی فروغ ملے گا۔









