روس کا لیوو میں ہائپر سونک ’اوریٖشنک‘ میزائل سے بڑا وار، ایف-16 مرمت کرنے والا پلانٹ تباہ

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی فوج نے 9 جنوری کو مغربی یوکرین کے شہر لیوو میں واقع ریاستی طیارہ مرمتی پلانٹ پر ’’اورشنیک‘‘ ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے ہدفی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پلانٹ شدید طور پر متاثر ہوا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ فیکٹری ایف-16 اور مگ-29 لڑاکا طیاروں کی مرمت اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے علاوہ درمیانے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملہ آور ڈرون بھی تیار کرتی تھی۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ میزائل نے فیکٹری کے پیداواری یونٹس، تیار شدہ ڈرونز کے گوداموں اور ہوائی اڈے کے بنیادی انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔ یہ حملہ کیف کے اس صنعتی نظام پر ایک بڑا دھچکہ سمجھا جا رہا ہے جو یوکرین کی فوجی صلاحیت کو برقرار رکھنے میں کردار ادا کر رہا تھا۔

اسی روز روسی فوج نے ’’اسکندر‘‘ ٹیکٹکل بیلسٹک میزائل اور ’’کالیبر‘‘ کروز میزائل کے ذریعے کیف میں ڈرون اسمبلی یونٹس اور ایسے توانائی مراکز کو بھی نشانہ بنایا جو یوکرین کے دفاعی صنعتی کمپلیکس کو توانائی فراہم کرتے تھے۔ وزارت دفاع کے مطابق یہ حملے کیف کی جانب سے دسمبر میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کی نووگورود ریجن میں واقع رہائش گاہ پر کیے گئے ڈرون حملے کے ردِعمل میں کیے گئے۔

روسی تجزیہ کاروں کے مطابق لیوو کا پلانٹ تباہ ہونے سے یوکرین کی فضائی بیڑے کی مرمت کی صلاحیت اور حملہ آور ڈرونز کی پیداوار کو نمایاں نقصان پہنچا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب کیف کو مغربی نظاموں پر پہلے ہی انحصار ہے اور متبادل صنعتی انفراسٹرکچر محدود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں