روسی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ کے ویزا مسائل جلد حل ہوں گے، سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی یقین دہانی

ماسکو (وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کمیونٹی کے صدر ملک شہباز نے سفارت خانہ پاکستان، ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی، جس میں روسی جامعات میں داخلے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کو درپیش ویزا مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ملک شہباز نے سفیر پاکستان کو آگاہ کیا کہ اس وقت بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ روس کی مختلف جامعات میں داخلے کے لیے ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث ان کی تعلیمی منصوبہ بندی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی حکومت کے سرکاری اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے پاکستانی طلبہ کو روسی ویزا کے حصول میں عمومی طور پر کوئی دشواری پیش نہیں آتی اور وہ اپنی تعلیم کے لیے روس آ رہے ہیں، تاہم نجی بنیادوں پر یا بغیر اسکالرشپ روسی جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ کو ویزا کے اجرا اور داخلہ کے عمل میں مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک شہباز نے اس صورتحال کو پاکستانی طلبہ کے مستقبل کے لیے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے تاکہ روس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے یقین دہانی کرائی کہ سفارت خانہ اس معاملے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے اور وہ اس مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ روسی حکام اور اداروں سے رابطہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک اہم شعبہ ہے، اور سفارت خانہ اس بات کے لیے بھرپور کوشش کرے گا کہ پاکستانی طلبہ کو روسی جامعات میں داخلے اور ویزا کے حصول کے دوران درپیش مشکلات کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس امید کا اظہار کیا کہ روسی حکام کے ساتھ رابطوں کے نتیجے میں ایسا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا جس سے پاکستانی طلبہ بغیر کسی غیر ضروری پریشانی کے روس آ کر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط مزید مستحکم ہوں۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران روس میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند متعدد پاکستانی طلبہ اور تعلیمی مشیر ویزا اور بعض جامعات میں داخلوں سے متعلق مسائل کی نشاندہی کر چکے ہیں، جبکہ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا بھی واضح کر چکی ہیں کہ روس کی جانب سے پاکستانی طلبہ پر کسی نئی ویزا پابندی کا نفاذ نہیں کیا گیا اور اگر کسی مخصوص کیس میں مسئلہ موجود ہو تو روسی حکام اس کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں