پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا ییوگینی یفتوشینکو میوزیم گیلری کا دورہ

ماسکو:(وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو کے نواحی علاقے پیریدیلکینو میں واقع ییوگینی یفتوشینکو میوزیم گیلری کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران پاکستانی سفیر نے میوزیم میں محفوظ نوادرات، تصاویر اور دیگر اشیا کا مشاہدہ کیا اور بیسویں صدی کے ممتاز روسی شاعر اور ادبی شخصیت ییوگینی یفتوشینکو کی زندگی اور ادبی ورثے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ اس تاریخی مقام کا دورہ ان کے لیے باعث اعزاز ہے، کیونکہ یہ جگہ پاکستان اور روس کے درمیان ایک اور اہم ادبی تعلق کی یاد دلاتی ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ییوگینی یفتوشینکو پاکستان کے عظیم شاعر فیض احمد فیض کے دوست تھے اور دونوں شعرا ایک دوسرے کی شاعری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فیض احمد فیض اور ییوگینی یفتوشینکو کی شاعری میں کئی مشترکہ موضوعات پائے جاتے ہیں، جن میں انسانی وقار، امن، انصاف اور آزادی نمایاں ہیں۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی کے مطابق دونوں عظیم شعرا کی دوستی پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی تعلقات کی خوب صورت عکاسی کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں