ماسکو کیلننگراڈ کے دفاع کے لیے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کو تیار ہے، روسی سفارتخانہ

ماسکو:(وائس آف رشیا) آئرلینڈ میں روسی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو ممالک نے کالینن گراڈ ریجن کو روس کے دیگر حصوں سے الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی تو ماسکو اپنے علاقے کے دفاع کے لیے جوہری ہتھیاروں سمیت تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے کے لیے تیار ہوگا۔

روسی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق نیٹو کالینن گراڈ اور اس کے اطراف فضائی اور بحری ناکہ بندی کی تیاری کر رہا ہے۔

سفارتی مشن کے مطابق ان اطلاعات کو محض مفروضہ قرار نہیں دیا جاسکتا اور یہ معاملہ روس کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

روسی سفارت خانے نے کہا کہ یورپ کی غیر ذمہ دار اور دور اندیشی سے محروم سیاسی قیادت ایک خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ اس معاملے میں کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ اگر نیٹو ممالک نے کالینن گراڈ ریجن کو روس کے باقی علاقوں سے الگ کرنے کی کوشش کی تو ماسکو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے اپنے تمام عسکری وسائل استعمال کرنے کے لیے تیار ہوگا، جن میں جوہری ہتھیار بھی شامل ہیں۔

روسی سفارت خانے کے مطابق ایسی صورت حال میں مسلح تصادم کا خطرہ بہت زیادہ ہوگا اور تنازع کے ابتدائی مرحلے میں روس کی جانب سے نیٹو ممالک میں موجود فیصلہ سازی کے مراکز کے خلاف پیشگی حملوں کا امکان بھی پیدا ہوسکتا ہے۔

سفارتی مشن نے اس معاملے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ بھی اسے اسی سنجیدگی سے لیں۔

روسی سفارت خانے نے مغربی ذرائع ابلاغ میں مبینہ روسی خطرے سے متعلق مسلسل شائع ہونے والی خبروں کی جانب بھی توجہ دلائی۔

روسی سفارت کاروں کے مطابق ایسی خبروں کا مقصد یورپی ممالک کے دفاعی اخراجات میں اضافے، یورپ کی مزید عسکریت پسندی اور کیف حکومت کو مالی، عسکری اور سیاسی مدد جاری رکھنے کا جواز فراہم کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مغربی ممالک یوکرین کو مبینہ روسی جارحیت کے خلاف ایک دفاعی حصار کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں