ماسکو (وائس آف رشیا): روس کی معروف رودن یونیورسٹی (RUDN University) میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ 2026 کے آٹھویں ایڈیشن میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
یہ ٹورنامنٹ 17 سے 19 جولائی 2026 تک ماسکو میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ تین روزہ مقابلوں کے دوران تمام ٹیموں نے اعلیٰ معیار کے کھیل، بہترین ٹیم ورک اور مثالی سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا، جس سے ٹورنامنٹ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز بن گیا۔

سخت اور کانٹے دار مقابلوں کے بعد پاکستانی ٹیم نے فائنل میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایشیا کپ 2026 کی ٹرافی اپنے نام کی۔ یہ کامیابی پاکستانی ٹیم کی محنت، نظم و ضبط، ثابت قدمی اور ٹیم ورک کا منہ بولتا ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔
ٹورنامنٹ نہ صرف کھیلوں کا ایک کامیاب مقابلہ ثابت ہوا بلکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے درمیان دوستی، باہمی احترام، ثقافتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کا بھی مؤثر ذریعہ بنا۔ اس موقع پر کھیلوں کی اس مثبت روایت نے رڈن یونیورسٹی کے کثیرالثقافتی ماحول کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سےپاکستانی طلبہ کے لیے ایشیا کپ 2026 کا ٹائٹل جیتنا ایک قابلِ فخر سنگ میل قرار دیا گیا ہے، جو نہ صرف ان کی مسلسل محنت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی طلبہ کے درمیان اتحاد، دوستی اور سپورٹس مین شپ کے جذبے کو بھی اجاگر کرتا ہے۔










