پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف روس کا تعاون جاری رکھنے کا اعلان، پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش

پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے، افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، ماریہ زخارووا

پاکستانی طلبہ کے اسٹوڈنٹ ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، متاثرہ طلبہ کے کیسز متعلقہ روسی اداروں کے ساتھ مل کر انفرادی طور پر دیکھیں گے، روسی وزارت خارجہ

ماسکو (شاہد گھمن): روس نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا اہم شراکت دار قرار دیا ہے، جبکہ پاکستانی شہریوں کے لیے روسی اسٹوڈنٹ ویزوں پر کسی قسم کی پابندی کی تردید کرتے ہوئے متاثرہ طلبہ کے انفرادی کیسز متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر دیکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے 20 نومبر کو اپنی پریس بریفنگ کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کے دو اہم سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ پہلا سوال پاکستان میں دہشت گردی، افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی اور پاکستان و افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں روس کے ممکنہ کردار سے متعلق تھا، جبکہ دوسرے سوال میں پاکستانی طلبہ کو روسی یونیورسٹیوں میں داخلوں کے باوجود ویزا دعوت نامے جاری نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا گیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کے لیے روس کی آمادگی

نمائندہ دنیا نیوز شاہد گھمن نے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان سے سوال کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اسلام آباد چاہتا ہے کہ افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔ ایسی صورتحال میں روس پاکستان کے سکیورٹی خدشات دور کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے کیا عملی کردار ادا کرسکتا ہے؟

ماریہ زخارووا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ روس مختلف مواقع پر اور مختلف سطحوں پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں مدد فراہم کرنے کی آمادگی ظاہر کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماسکو پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت کو علاقائی امن و سلامتی برقرار رکھنے کا اہم ذریعہ سمجھتا ہے اور اختلافات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ روس مذاکرات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس سلسلے میں اسلام آباد اور کابل کی رضامندی ضروری ہوگی۔

افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر روس کی تشویش

ماریہ زخارووا نے افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں استحکام انتہائی ضروری ہے کیونکہ افغانستان کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا اور افغانستان میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی پوشیدہ ایجنڈے یا دوہرے معیار کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف عملی اقدامات کے مطالبے کے تناظر میں روسی ترجمان نے علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے

ماریہ زخارووا نے پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کے اہم شراکت داروں میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ روس اس معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ دوطرفہ سطح پر قریبی رابطے اور تعاون برقرار رکھتا ہے، جبکہ مختلف کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر بھی دونوں ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے اور روس پاکستان کے ساتھ اس شعبے میں روابط کو اہمیت دیتا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اور علاقائی تعاون کی حمایت

ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس اس اصول کی حمایت کرتا ہے کہ علاقائی مسائل کا حل علاقائی سطح پر تلاش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقامی حالات، علاقائی خصوصیات اور متعلقہ ممالک کے مفادات کے درمیان توازن کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف تعاون جیسے حساس معاملے میں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو افغانستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور وہاں کے ریاستی اداروں کی سکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ منسلک کرکے دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ روس ٹھوس معاہدوں کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف مخصوص اقدامات پر بات چیت کرنے اور ان کے نفاذ میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

ماسکو فارمیٹ اور علاقائی مشاورتی نظام میں پاکستان کا اہم کردار

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے افغانستان سے متعلق علاقائی مشاورت کے مختلف نظاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روس اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان پر مشتمل چار ملکی مشاورتی نظام، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے رابطہ نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کا خصوصی ذکر کیا۔

ماریہ زخارووا کے مطابق روس ماسکو فارمیٹ کو ترجیح دیتا ہے کیونکہ یہ افغانستان سے متعلق علاقائی مشاورت کا ایک وسیع پلیٹ فارم ہے، جس میں پاکستان، روس، چین، ایران، بھارت اور وسطی ایشیائی ممالک شامل ہیں۔

انہوں نے افغانستان سے متعلق سلامتی کے معاملات اور دہشت گردی کے خلاف تعاون میں ان علاقائی پلیٹ فارمز کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستانی طلبہ کے اسٹوڈنٹ ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، روسی وزارت خارجہ کی دوبارہ وضاحت

پریس بریفنگ کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے پاکستانی طلبہ کو روسی یونیورسٹیوں میں داخلے ملنے کے باوجود ویزا دعوت نامے جاری نہ ہونے کا اہم معاملہ بھی اٹھایا۔

انہوں نے سوال کیا کہ روسی وزارت خارجہ پہلے واضح کرچکی ہے کہ پاکستانی شہریوں کے اسٹوڈنٹ ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، لیکن اس کے باوجود متعدد پاکستانی اسکالرشپ طلبہ ویزا دعوت ناموں کے منتظر ہیں۔

نمائندہ دنیا نیوز نے نشاندہی کی کہ ماسکو کی بعض یونیورسٹیوں کے مطابق روسی مائیگریشن حکام یونیورسٹی کنٹریکٹس کے تحت داخلہ حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے ویزا دعوت ناموں کی درخواستیں قبول نہیں کررہے۔

شاہد گھمن نے روسی وزارت خارجہ سے پوچھا کہ آخر ایسا کیوں ہورہا ہے اور پاکستانی طلبہ کو اس مسئلے کے حل کی کب تک توقع رکھنی چاہیے؟

اس سوال کے جواب میں ماریہ زخارووا نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ روس میں پاکستانی شہریوں کو اسٹوڈنٹ ویزے جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

متاثرہ پاکستانی طلبہ کی تفصیلات فراہم کریں، متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جائزہ لیں گے

ماریہ زخارووا نے دنیا نیوز کے نمائندے سے کہا کہ اگر اس نوعیت کے مخصوص کیسز موجود ہیں تو ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ ان کا جائزہ لیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ معلومات انہیں ارسال کی جائیں، وہ یہ تفصیلات اپنے ان ساتھیوں تک پہنچائیں گی جو اس مسئلے سے متعلق امور دیکھتے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یقین دلایا کہ متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ہر کیس کی صورتحال کا انفرادی طور پر اور روسی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جائزہ لیا جائے گا۔

ماریہ زخارووا نے دنیا نیوز کے نمائندے سے متاثرہ طلبہ کے متعلقہ کوائف اور دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستانی اسٹوڈنٹ ویزوں پر پابندی نہ ہونے کی دوبارہ وضاحت اور مخصوص کیسز کا متعلقہ اداروں کے ساتھ جائزہ لینے کی یقین دہانی ایسے پاکستانی طلبہ کے لیے اہم پیش رفت ہے جو روسی یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کرنے کے باوجود ویزا دعوت ناموں کے منتظر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں