روس غیر ملکی صحافیوں کو اسٹاروبیلسک حملے کی جگہ پر لیکر جائے گا، ماریہ زخارووا

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ ماسکو لوگانسک پیپلز ریپبلک کے شہر اسٹاروبیلسک میں کالج پر ہونے والے یوکرینی حملے کی جگہ غیر ملکی صحافیوں کا دورہ کرائے گا تاکہ عالمی میڈیا خود صورتحال کا مشاہدہ کر سکے۔

ماریہ زخارووا نے اپنے ٹیلیگرام بیان میں کہا کہ مغربی حکام، خصوصاً اقوام متحدہ میں لٹویا کی نمائندہ، سلامتی کونسل کے اجلاس میں یہ “کھلا جھوٹ” پھیلا رہی تھیں کہ یوکرینی افواج نے اسٹاروبیلسک کالج پر حملہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسی پس منظر میں ماسکو میں موجود غیر ملکی صحافیوں کو حملے کی جگہ لے جانے کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ خود تباہی اور نقصانات کا جائزہ لے سکیں۔

ماریہ زخارووا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “امید ہے بی بی سی اور سی این این کے رپورٹرز اس وقت چھٹیوں پر نہیں ہوں گے۔”

روسی حکام کے مطابق 22 مئی کی شب یوکرینی افواج نے ڈرونز کے ذریعے لوگانسک پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کے ووکیشنل کالج اور اس کے ہاسٹل کو نشانہ بنایا تھا۔

روسی ایمرجنسی وزارت کے مطابق حملے کے وقت عمارت میں چودہ سے اٹھارہ سال عمر کے چھیاسی طلبہ موجود تھے۔

روسی حکام کے مطابق حملے میں دس افراد ہلاک جبکہ اڑتیس زخمی ہوئے، جبکہ گیارہ طلبہ اب بھی لاپتہ ہیں۔

روس نے اس حملے کو شہری اور تعلیمی تنصیبات پر یوکرین کی “خطرناک کارروائی” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں