ماسکو(وائس آف رشیا) روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنوبی کوریا نے اپنی سرزمین پر امریکی ٹائیفون (Typhon) میزائل سسٹم تعینات کیا تو ماسکو اس کا متناسب جواب دے گا۔
روسی نائب وزیر خارجہ آندرے رودینکو نے روسی نیوز ایجنسی تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا اقدام کیا گیا تو روس اسے اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کرے گا، جس کے جواب میں مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت روسی وزارت خارجہ کے پاس ایسی کوئی معلومات موجود نہیں کہ جنوبی کوریا امریکی ٹائیفون میزائل سسٹم کی تعیناتی کا ارادہ رکھتا ہے۔
آندرے رودینکو کے مطابق روس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کا جواب اپنی قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق دے گا۔
واضح رہے کہ امریکی ٹائیفون میزائل سسٹم سے SM-6 کثیر المقاصد میزائل اور تقریباً 2 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے ٹوماہاک کروز میزائل بھی فائر کیے جا سکتے ہیں، جس کے باعث یہ نظام خطے میں اسٹریٹجک اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔









