روس نے جوابی اقدام کے طور پر اٹلی کے فوجی اتاشی اور ان کے معاون کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

ماسکو(وائس آف رشیا)‌ روس نے اٹلی کی جانب سے دو روسی فوجی سفارت کاروں کی بے دخلی کے جواب میں اٹلی کے فوجی اتاشی اور ان کے معاون کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ماسکو نے یہ فیصلہ جوابی اقدام کے طور پر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اٹلی کی حالیہ کارروائی کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے اور روس اپنی سفارتی نمائندگی کے خلاف کیے گئے اقدامات کا مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے روس کے فیصلے کو “انتقامی کارروائی” قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اٹلی کے فوجی اتاشی اور ان کے معاون کی بے دخلی کی کوئی بنیاد نہیں تھی۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے ماریہ زخارووا نے کہا کہ انتونیو تاجانی حقیقت کے برعکس بیان دے رہے ہیں اور روس کا فیصلہ بلاجواز نہیں بلکہ اٹلی کی جانب سے پہلے کیے گئے اقدام کا براہِ راست جواب ہے۔

واضح رہے کہ 9 جولائی کو اٹلی نے روم میں روسی سفارت خانے کے دو فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرتے ہوئے انہیں تین دن کے اندر اٹلی چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ اس وقت روسی وزارت خارجہ نے واضح کیا تھا کہ ماسکو اس اقدام کا مناسب جواب دے گا، جس کے تحت اب اٹلی کے فوجی اتاشی اور ان کے معاون کو روس سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں