ماسکو میں پہلے بین الاقوامی میونسپل فورم کا آغاز، روس سمیت 46 ممالک کے نمائندوں کی شرکت

نیشنل سینٹر رشیا میں دو روزہ فورم کی افتتاحی تقریب، شہری ترقی، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی بلدیاتی تعاون پر اہم اجلاس

ماسکو (شاہد گھمن): روس کے دارالحکومت ماسکو میں پیر 23 نومبر کو پہلے بین الاقوامی میونسپل فورم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ نیشنل سینٹر رشیا میں منعقد ہونے والے دو روزہ فورم میں روس کے مختلف علاقوں کے علاوہ 46 غیر ملکی ممالک سے سرکاری اداروں، بلدیاتی انتظامیہ، کاروباری شعبے اور شہری ترقی کے ماہرین کے نمائندے شریک ہیں۔

فورم کی افتتاحی تقریب 23 نومبر کی صبح نیشنل سینٹر رشیا میں منعقد ہوئی، جس کے بعد مختلف موضوعات پر اجلاسوں اور مباحثوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فورم 24 نومبر تک جاری رہے گا۔

نیشنل سینٹر رشیا کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق فورم میں روس کے تمام علاقوں سے سرکاری اور بلدیاتی حکام، شہری منصوبہ بندی کے شعبے سے وابستہ شخصیات اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کررہے ہیں۔ دو روزہ اجلاسوں میں مقامی حکومتوں کے نظام، اقتصادی ترقی، شہری سہولتوں اور بین الاقوامی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں روسی صدارتی انتظامیہ کے شعبہ داخلی سیاست کے نائب سربراہ یوگینی گراچیوف نے شرکا سے خطاب کیا اور روسی علاقوں اور غیر ملکی ریاستوں کے نمائندوں کے درمیان مشترکہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے 20 نومبر کو اپنی بریفنگ میں بتایا تھا کہ روسی صدر کے 29 دسمبر 2025 کے فرمان کے تحت بین الاقوامی میونسپل فورم اب ہر سال منعقد کیا جائے گا۔

رواں سال فورم کا مرکزی موضوع ’’شہروں کی پائیدار تبدیلی: عالمی چیلنجز کا مقابلہ‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس موضوع کے تحت دنیا بھر کے شہروں کو درپیش معاشی، سماجی، ماحولیاتی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملیوں پر بات چیت کی جارہی ہے۔

فورم میں دولتِ مشترکہ کی آزاد ریاستوں، ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور لاطینی امریکہ کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق اس بین الاقوامی اجتماع کا ایک اہم مقصد مختلف ممالک کے شہروں اور بلدیاتی اداروں کے درمیان براہِ راست روابط قائم کرنا اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔

فورم کے پہلے روز شہری ٹرانسپورٹ کی پائیدار ترقی، ماحول دوست ٹیکنالوجی، مقامی حکومتوں کے درمیان تعاون، تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، شہری معیشت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے کی شراکت داری جیسے موضوعات پر خصوصی نشستیں پروگرام میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شہروں میں صحت مند اور محفوظ زندگی، جدید تعلیمی اداروں اور بلدیاتی انتظامیہ کے درمیان تعاون، چھوٹے شہروں میں سیاحت کے فروغ اور شہری آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے موضوعات پر بھ مباحثے رکھے گئے ں

فورم کے منتظمین کے مطابق اس بین الاقوامی اجتماع کا مقصد صرف تجربات کا تبادلہ نہیں بلکہ ایسے عملی طریقے تلاش کرنا بھی ہے جن کے ذریعے مختلف ممالک کے شہر اور بلدیاتی ادارے مشترکہ مسائل کے حل میں ایک دوسرے سے تعاون کرسکیں۔

روسی وزارتِ خارجہ نے میونسپل سفارت کاری کو فورم کے اہم مقاصد میں شامل قرار دیا ہے۔ ماریہ زخارووا کے مطابق شہروں اور علاقوں کے درمیان براہِ راست تعاون تاریخی تعلقات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوامی سفارت کاری کے ذریعے نئے بین الاقوامی روابط قائم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

فورم کے دوسرے روز 24 نومبر کو بین الاقوامی شہری تعاون، روسی زبان کے ذریعے تعلیمی و ثقافتی روابط، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری، جدید شہری انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری اور بڑے شہروں کے قومی معیشت پر اثرات سے متعلق مزید اجلاس منعقد ہوں گے۔

دو روزہ بین الاقوامی میونسپل فورم کا انعقاد روسکونگریس فاؤنڈیشن کررہی ہے، جبکہ آل رشین ایسوسی ایشن فار دی ڈیولپمنٹ آف لوکل سیلف گورنمنٹ شریک منتظم ہے۔ فورم کو روسی حکومت کی حمایت حاصل ہے اور ماسکو حکومت اس کی مرکزی شراکت دار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں