2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف، توانائی، صنعت، زراعت، ادویہ سازی، ریلوے اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ماسکو:(شاہد گھمن) پاکستان اور روس نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے 2026 سے 2030 تک کے پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام اور بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کردیے۔
دستخطوں کی تقریب ماسکو میں پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے اختتام پر منعقد ہوئی۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف نے کی۔

پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام کے تحت دونوں ممالک نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
دستخط شدہ دستاویزات کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، صحت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی و تکنیکی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
توانائی کے شعبے میں تیل و گیس کی تلاش، ایل این جی کی فراہمی، گیس کی تقسیم اور توانائی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے تعاون بڑھایا جائے گا، جبکہ صنعتی شعبے میں دھات سازی، بھاری گاڑیوں، زرعی مشینری اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی گئی ہے۔
دونوں ممالک نے انسولین کی مقامی پیداوار، ادویات کی طبی آزمائشوں اور ادویات کی رجسٹریشن کا طریقۂ کار آسان بنانے کے حوالے سے بھی تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پاکستان سے روس کے لیے آزمائشی مال بردار ٹرین جلد چلانے، ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پاکستان ریلوے کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاکستان اور روس نے اعلیٰ تعلیم، سائنسی و تکنیکی تعاون اور تعلیمی اسناد کو تسلیم کرنے سے متعلق تین بین الحکومتی معاہدوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پانچ سالہ اقتصادی تعاون کا پروگرام پاکستان میں روسی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، خصوصاً توانائی، صنعت اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو بھی مزید مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو عملی اقتصادی فوائد میں تبدیل کرنا، توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانا، صنعتی ترقی کو فروغ دینا اور علاقائی رابطوں کو وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات ہیں۔
پاکستان اور روس کے وزرائے توانائی نے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دستخط شدہ دستاویزات کے تحت طے پانے والے اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔









