ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے بیلگورود ریجن میں یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث 5 افراد ہلاک جبکہ 23 افراد زخمی ہو گئے۔
بیلگورود ریجن کے قائم مقام گورنر الیگزینڈر شووایف کے مطابق یوکرینی ڈرون نے شیبیکینو شہر میں ایک مسافر بس کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں چار خواتین اور ایک کم عمر لڑکا جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
گورنر نے بتایا کہ حملے میں 23 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں شیبیکینو ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 17 سالہ نوجوان بھی شامل ہے، جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ان کی حالت بہتر ہوتے ہی انہیں مزید علاج کے لیے بیلگورود کے اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔
الیگزینڈر شووایف نے اس واقعے کو “غیر انسانی اور گھناؤنا حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خطے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔
بیلگورود ریجن کے پراسیکیوٹر آفس نے اعلان کیا ہے کہ متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی اور قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کرسک ریجن کے گورنر الیگزینڈر خِنشٹین نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
واضح رہے کہ 18 جولائی کو بھی بیلگورود ریجن کے گاؤں دوبوووئے میں ایک مسافر بس پر یوکرینی حملے میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں 16 سالہ لڑکی بھی شامل تھی۔ بعد ازاں شدید زخمی ہونے والا ایک شخص اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں دم توڑ گیا۔









