ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے چینی شہریوں کے لیے روس میں بغیر ویزا داخلے کی سہولت میں توسیع کرتے ہوئے اس کی مدت 31 دسمبر 2027 تک بڑھا دی ہے۔
روسی صدر کے دستخط سے جاری ہونے والے فرمان، جو سرکاری قانونی معلومات کے پورٹل پر شائع کیا گیا، کے مطابق اس سہولت کی سابقہ مدت 14 ستمبر 2026 تھی، جسے اب بڑھا کر 31 دسمبر 2027 تک کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ باہمی اصول (Reciprocity) کے تحت کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مئی 2026 میں چین نے بھی روسی شہریوں کے لیے اپنے ہاں ویزا فری قیام کی سہولت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 2027 کے اختتام تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ صدر ولادیمیر پوتن نے یکم دسمبر 2025 کو ایک فرمان پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت چینی شہریوں کو باہمی بنیاد پر 30 روز تک روس میں بغیر ویزا قیام کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے جواب میں چین نے 15 ستمبر 2025 سے روسی شہریوں کے لیے بھی اسی نوعیت کا باہمی ویزا فری نظام نافذ کیا تھا۔
روسی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کاروباری روابط اور عوامی تبادلوں کو مزید فروغ دینا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔









