ماسکو(وائس آف رشیا) ماسکو میں پاکستانی کمیونٹی کے صدر ملک شہباز کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران پورے ماہ افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے، جو پہلے روزے سے لے کر آخری روزے تک جاری رہتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفارتخانے کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بھی خصوصی شرکت کی اور کمیونٹی کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھ کر افطار کیا۔

افطاری میں عجوہ کھجوریں، مشروبات، شاشلک، مٹن کڑاہی، پلاؤ اور دیگر روایتی پاکستانی پکوان پیش کیے گئے، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے ذائقہ اور روایتی کھانوں کو دوبارہ تازہ کر دیا۔
افطار ڈنر میں کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی. سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے اس موقع پرخصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ افطاری کمیونٹی کے لیے ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے رمضان کے مہینے میں پاکستانی ایک دوسرے سے ملاقات کر کے معاشرتی اور ثقافتی روابط مضبوط کر سکتے ہیں۔ اسے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ لوگ ایک ساتھ بیٹھ کر روزہ افطار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کمیونٹی کے افراد ایک دوسرے سے ملنے اور سال بھر کے تعلقات مضبوط کرنے کا موقع حاصل کرتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کا کہنا تھا کہ میں پورا مہینہ افطاری کا اہتمام اللہ کی خوشنودی کیلئے کرتا ہوں اور اللہ کے فضل سے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا.
اس موقع پر پاکستان کمیونٹی کے دیگرافراد کا کہنا تھا کہ یہ افطاری صرف کھانے پینے تک محدود نہیں بلکہ کمیونٹی کی یکجہتی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے، اور ہر سال یہ سلسلہ بڑھتی ہوئی تعداد میں پاکستانیوں کی شرکت کے ساتھ جاری رہتا ہے۔
ماسکو میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے رمضان کے پورے مہینے جاری رہنے والا یہ افطاری پروگرام ثقافتی، مذہبی اور سماجی یکجہتی کا بہترین مظاہرہ ہے، جس میں کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی شرکت اور جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے۔




















