ماسکو میں عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے پاکستان کمیونٹی روس کے زیر اہتمام محفلِ میلاد

ماسکو(وائس آف رشیا) عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے ماسکو میں ایک روح پرور محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔

محفل کا آغاز حافظ عثمان کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔

تصدق چیمہ، ملک طاہر، حامد علی، اختر حسین ، عمر اختر، محمد سلطان، ندیم کاظمی، ڈاکٹر حامد علی، اور حیدر علی شاہ سمیت دیگر نعت خوانوں نے عقیدت و محبت سے نعتیہ کلام پیش کیا۔

حیدر علی شاہ نے “مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام” پیش کیا تو محفل میں ایک خاص روحانی کیفیت پیدا ہوگئی اور حاضرین نے بھرپور عقیدت کے ساتھ درود و سلام پڑھا۔

تصدق چیمہ نے “خوشبو ہے دوعالم میں تیری اے گلِ دیدہ” پیش کرکے محفل میں سماں باندھ دیا، جبکہ دیگر نعت خوانوں نے بھی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں خوبصورت نعتیہ کلام پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لیے۔

پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے محفل کے اختتام پر تمام شرکاء اور نعت خوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل آئندہ بھی منعقد ہوتی رہیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس حاضری اور عقیدت کے اظہار کو اپنی بارگاہ میں قبول و منظور فرمائے۔

محفل کے اختتام پر خصوصی دعا کروائی گئی، جس میں امت مسلمہ، پاکستان، روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں