روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کے یومِ آزادی کی خوشیاں دریائے ماسکو تک پہنچ گئیں، جہاں پاکستان کمیونٹی روس کے زیر اہتمام کروز شپ پر رنگا رنگ تقریب سجائی گئی۔ سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی سمیت پاکستانی کمیونٹی، طلبہ، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی پرچموں اور ملی نغموں سے سجی اس تقریب میں شرکا کا جوش و خروش دیدنی رہا۔ مزید تفصیلات ماسکو سے شاہد گھمن کی اس رپورٹ میں۔.

روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے کروز شپ پر رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی، طلبہ، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریائے ماسکو پر پاکستانی پرچموں اور ملی نغموں کے ساتھ جشنِ آزادی منایا گیا اور شرکا کا جوش و خروش دیدنی رہا۔

تقریب میں روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر سلمان خالد، ڈپٹی ہیڈ آف مشن، دفاعی اتاشی اور دیگر حکام کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

کروز شپ پر منعقدہ تقریب میں ہر طرف سبز ہلالی پرچم دکھائی دیے۔ بچوں اور نوجوانوں نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ روس کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکا نے قومی اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران پاکستانی طلبہ نے گٹار پر معروف پاکستانی ملی نغمے پیش کیے، جنہیں شرکا نے بھرپور سراہا۔ پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے محبوب بھٹی، ڈینیل بھٹی، ارشد بٹ اور دیگر نے بھی ملی نغمے گا کر محفل کا ماحول گرما دیا۔ ملی نغموں کی دھنوں پر کروز شپ پر موجود پاکستانیوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کی ایک اور خاص بات روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کی سالگرہ تھی۔ اس موقع پر ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور تقریب میں موجود افراد نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ یوں جشنِ آزادی کی خوشیوں کے ساتھ سفیر پاکستان کی سالگرہ کی خوشی بھی تقریب کا حصہ بن گئی۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ اس مرتبہ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر روس میں شاندار تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی خصوصاً نوجوانوں اور طلبہ کا جذبہ قابل دید ہے اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تقریب کے میزبان اور پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قوم اور روس میں مقیم پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کروز شپ پر تقریب منعقد کرنے کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور دیارِ غیر میں قومی دن کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانا تھا۔

پاکستان کمیونٹی روس کے نائب صدر رضوان غنی نے بھی دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب میں شریک پاکستانی طلبہ، نوجوانوں اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے بھی دنیا نیوز سے گفتگو کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ وطن سے ہزاروں کلومیٹر دور ماسکو میں سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے جشنِ آزادی منانے کا اپنا ہی لطف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات پاکستانی کمیونٹی کو متحد رکھنے اور نوجوان نسل میں وطن سے محبت کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

دریائے ماسکو پر چلتے کروز شپ میں پاکستانی پرچم، ملی نغمے، بچوں اور نوجوانوں کا جوش اور پاکستان زندہ باد کی صداؤں نے جشنِ آزادی کی تقریب کو یادگار بنا دیا۔ روسی دارالحکومت کے خوبصورت مناظر کے درمیان پاکستانی کمیونٹی نے وطن سے دور رہتے ہوئے بھی اپنی آزادی کی خوشیاں بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔

ماسکو میں یومِ آزادی کی مناسبت سے ہونے والی اس تقریب نے پاکستانی کمیونٹی کو ایک جگہ جمع کرنے کے ساتھ دیارِ غیر میں پاکستان کی ثقافت، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کا خوبصورت اظہار بھی پیش کیا۔ شاہد گھمن، دنیا نیوز، ماسکو، روس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں