ماسکو:(شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف محاذوں پر لڑائی میں یوکرینی فوج کو تقریباً 1,330 اہلکاروں کا نقصان ہوا، جبکہ روسی افواج نے خارکوف ریجن میں کازاچیا لوپان اور ڈونیسک میں سویاتوگورسک کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق بیٹل گروپ نارتھ کے محاذ پر یوکرینی فوج کے تقریباً 200، بیٹل گروپ ویسٹ کے علاقے میں 205 سے زائد، بیٹل گروپ ساؤتھ کے محاذ پر 140 سے زائد، بیٹل گروپ سینٹر کے علاقے میں 410 سے زائد، بیٹل گروپ ایسٹ کے محاذ پر 325 سے زائد جبکہ بیٹل گروپ دنیپر کے علاقے میں 50 تک یوکرینی فوجیوں کو نقصان پہنچا۔
وزارت دفاع نے کہا کہ روسی فضائیہ، ڈرون یونٹس، میزائل فورسز اور توپ خانے نے گزشتہ ایک روز کے دوران یوکرین کے 152 مقامات پر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان اہداف میں ایک فوجی ہوائی اڈہ، لاجسٹک اور ڈسٹری بیوشن مراکز، ایندھن، توانائی اور ٹرانسپورٹ کی تنصیبات، ڈرون تیار اور ذخیرہ کرنے کے مقامات اور یوکرینی فوج و غیر ملکی جنگجوؤں کے عارضی ٹھکانے شامل تھے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق کیف ریجن کے شہر وشنووئے کے قریب واقع اسٹیلر جیٹ لاجسٹکس ہب کو Geran-4 Seeker ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا اور مقررہ ہدف کو کامیابی سے تباہ کیا گیا۔
وزارت نے بتایا کہ بیٹل گروپ نارتھ نے کارروائی کے دوران خارکوف ریجن کے کازاچیا لوپان قصبے کا کنٹرول حاصل کر لیا۔
روسی وزارت دفاع نے یہ بھی کہا کہ ڈونیسک میں بیٹل گروپ ویسٹ نے سویاتوگورسک شہر کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عمارتوں کے تہہ خانوں میں موجود ممکنہ یوکرینی جنگجوؤں کی تلاش اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اس سے قبل صدر ولادیمیر پوتن نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ روسی افواج نے گزشتہ ماہ متعدد آبادیوں کا کنٹرول حاصل کیا، جن میں کازاچیا لوپان اور سویاتوگورسک بھی شامل ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق اوڈیسا ریجن میں Dachnoye کے قریب Odessa-22 ڈسٹری بیوشن سینٹر اور Nerubaiskoye، Nikolayev ریجن کے Voskresenskoye اور زاپوروزیے میں تین دیگر لاجسٹک مراکز کو Geran-4 Seeker ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
وزارت نے کیف شہر میں ایک اور لاجسٹک مرکز پر بھی Geran-4 Seeker ڈرون سے حملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔
روسی بلیک سی فلیٹ نے بحیرہ اسود میں یوکرینی بحریہ کی ایک بغیر پائلٹ کشتی تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 464 یوکرینی فکسڈ ونگ ڈرونز، چار گائیڈڈ فضائی بم اور امریکی ساختہ HIMARS نظام کے دو راکٹ بھی مار گرائے۔









