پرامن جوہری توانائی میں روس، چین کا کلیدی شراکت دار ہے، صدر پوتن

ولادی ووستوک:(شاہد گھمن) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ پرامن جوہری توانائی کے شعبے میں روس چین کا کلیدی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی و سرمایہ کاری تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔

صدر پوتن نے ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم کے موقع پر چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئی شیانگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ روس اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے اہم شعبوں پر باقاعدہ بین الحکومتی سطح پر کام جاری ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ڈنگ شوئی شیانگ سرمایہ کاری اور توانائی تعاون سے متعلق روس چین کے دو بین الحکومتی کمیشنوں کے شریک چیئرمین ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے متعلق اہم معاملات زیر غور آتے ہیں۔

صدر پوتن نے بتایا کہ ایسٹرن اکنامک فورم کے دوران چینی نائب وزیراعظم روس کے پہلے نائب وزیراعظم ڈینس مانتوروف اور نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک کے ساتھ بھی الگ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ وہ آٹھویں روس چین انرجی بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔

صدر ولادیمیر پوتن نے اعتماد ظاہر کیا کہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مؤثر راستوں کی مشترکہ تلاش نتیجہ خیز ثابت ہوگی اور روس اور چین کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔

ایسٹرن اکنامک فورم یکم سے 4 ستمبر تک ولادی ووستوک میں فار ایسٹرن فیڈرل یونیورسٹی کے کیمپس میں جاری ہے۔ رواں سال فورم کا مرکزی موضوع “دورِ مشرق، عوام کی فلاح کے لیے ترقی” ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں