اوسی…..
ماسکو میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے، جہاں روسی اور بین الاقوامی صحافیوں کو جدید الیکٹرک شپ یارڈ ماسکو ورفی کا خصوصی دورہ کروایا گیا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں کو الیکٹرک اور ہائبرڈ جہازوں کی تیاری، ٹیکنالوجی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مزید تفصیلات جانتے ہیں ماسکو سے شاہد گھمن کی اس رپورٹ میں
وی او….
دارالحکومت ماسکو کے علاقے ناگاتنسکی زاتون میں قائم جدید شپ یارڈ ماسکو ورفی میں آج روسی اور بین الاقوامی صحافیوں کے لیے خصوصی میڈیا وزٹ کا اہتمام کیا گیا۔ اس دورے کا مقصد دارالحکومت میں ماحول دوست دریائی ٹرانسپورٹ کے منصوبوں سے میڈیا کو براہِ راست آگاہ کرنا تھا۔
مونٹاج…
صحافیوں کو الیکٹرک اور ہائبرڈ جہازوں کی تیاری کے مختلف مراحل دکھائے گئے، جن میں ڈیزائننگ، دھاتی ڈھانچے کی تیاری، بیٹری سسٹمز کی تنصیب، الیکٹرک انجنز کی فٹنگ اور فائنل ٹیسٹنگ شامل ہے۔ میڈیا نمائندوں نے شپ یارڈ کے پروڈکشن یونٹس اور ورکشاپس کا بھی تفصیلی مشاہدہ کیا۔ شپ یارڈ میں جہازوں کے مخلف ماڈل بھی رکھے گئے ہیں اس کے علاوہ شپ یارڈ کا خوبصورت ماڈل بھی بنایا گیا ہے.
اس موقع پر ماسکو ٹرانسپورٹ کے سربراہ اور GUP Mosgortrans کے جنرل ڈائریکٹر نکولائی اناتولیویچ آساول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ شپ یارڈ جدید ترین ٹیکنالوجی پر قائم کیا گیا ہے اور یہاں مکمل طور پر ماحول دوست پیداواری عمل اختیار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق 2030 تک ماسکو ورفی میں 40 جدید الیکٹرک جہاز تیار کیے جائیں گے، جو دارالحکومت کے باقاعدہ دریائی روٹس پر چلیں گے اور ڈیزل سے چلنے والے جہازوں کی جگہ لیں گے۔
نکولائی اناتولیویچ کے مطابق، الیکٹرک جہازوں کے ذریعے نہ صرف فضائی اور آبی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شور، ایندھن کے رساؤ اور ماحولیاتی نقصان جیسے مسائل کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
ادھر ماسکو ورفی کے جنرل ڈائریکٹر ایلیا الیگزانڈرووچ اکولوف نے بتایا کہ ماسکو میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر ماحول دوست بنانے کے لیے الیکٹرک جہاز ایک اہم سنگِ میل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں شہری الیکٹروبس، میٹرو اور الیکٹرک دریائی جہاز ایک ہی مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ ہوں گے، جس سے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور پائیدار سفری سہولت میسر آئے گی۔
مونٹاج……
میڈیا کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسی شپ یارڈ میں ایک جدید ہائبرڈ کروز جہاز “ماسکو کا سنہری حلقہ” بھی تیار کیا جا رہا ہے، جو 2027 تک مکمل ہوگا اور روس کے مختلف تاریخی شہروں کے درمیان سیاحتی سفر کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق، یہ میڈیا وزٹ شفافیت، آگاہی اور ماسکو کو ایک جدید، ماحول دوست اور پائیدار شہر بنانے کے وژن کا عملی اظہار ہے۔
آخر میں جہاز کے کپتان نے نمائندہ دنیا نیوز سمیت تمام صحافیوں کو جہاز چلانے کی مشقیں بھی کروائیں…
پی ٹی سی……(لازمی)









