ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایس سی او ممالک کے وفود سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے کریملن کے سینیٹ پیلس میں ملاقات کی۔
صدر پوتن نے نئی دہلی سے آنے والے مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور مصافحہ کیا۔ ملاقات میں روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف، صدارتی انتظامیہ کے نائب سربراہ میکسم اوریشکن، وزیرِ اقتصادی ترقی میکسم ری شتنیکوف اور نائب وزیرِ خارجہ آندرے رودینکو بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب صدر پوتن کی سال کے اختتام پر بھارت کے طے شدہ دورے کی تیاریاں جاری ہیں۔
اس سے قبل ایس سی او ممالک کے سربراہانِ حکومت کا اجلاس “نیشنل سینٹر رشیا” میں منعقد ہوا، جس کی صدارت روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے کی۔ یہ اجلاس رواں برس روس کی ایس سی او صدارت کا آخری بڑا ایونٹ تھا۔









