ماسکوکروکس سٹی ہال حملہ: روسی عدالت نے مرکزی ملزمان کو عمر قید، متعدد ساتھیوں کو19 سے 22 سال قید کی سزائیں سنا دیں

ماسکو(شاہد گھمن سے) روس کی دوسری مغربی ڈسٹرکٹ ملٹری کورٹ نے ماسکو کے کروکس سٹی ہال کنسرٹ ہال پر مارچ 2024 میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے چار مرکزی ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جبکہ ان کے ساتھیوں کو تقریباً 20 سال سے لے کر عمر قید تک کی سزائیں دی گئی ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ حملے کے مرکزی ملزمان شمسی الدین فریدونی، دالر جون مرزویوف، محمد صابر فیضوف اور سیداکرامی رچابالیزودا تمام الزامات میں قصوروار ہیں اور انہیں عمر قید کی سزا دی جاتی ہے۔

عدالت نے حملہ آوروں کے متعدد ساتھیوں کو بھی مختلف مدت کی سزائیں سنائیں۔ مجموعی طور پر 19 ملزمان میں سے 15 کو عمر قید کی سزا دی گئی، جبکہ باقی افراد کو 19 سال 11 ماہ سے لے کر 22 سال 6 ماہ تک قید کی سزا سنائی گئی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق بعض ملزمان نے دہشت گردوں کو اسلحہ، گولہ بارود اور مالی مدد فراہم کی جبکہ کچھ نے انہیں رہائش اور گاڑی بھی فراہم کی تھی۔

عدالت نے دہشت گردوں کی مدد کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی اور اپارٹمنٹ ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس کے علاوہ زیادہ تر ملزمان پر 265 ہزار روبل (تقریباً 3,350 ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

کروکس سٹی ہال حملے کے متاثرین کی جانب سے دائر 27 سول مقدمات کو بھی عدالت نے منظور کر لیا۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیترینکو کے مطابق حملے کے دو مبینہ ماسٹر مائنڈز اور چار دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور انہیں عالمی سطح پر مطلوب قرار دے دیا گیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق اس کیس میں نامزد دو تاجک شہری تاحال مفرور ہیں۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ایسے شواہد ملے ہیں جن کے مطابق یہ حملہ موجودہ یوکرینی قیادت کے مفادات میں کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق کچھ ملزمان نے داغستان کے شہر کاسپیئسک میں ایک تفریحی مرکز کو دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، تاہم اسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

22 مارچ 2024 کو چار مسلح افراد نے ماسکو کے کروکس سٹی ہال کنسرٹ ہال میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی، زخمی افراد کو چاقوؤں سے نشانہ بنایا اور بعد میں عمارت کو آگ لگا دی۔

اس دہشت گرد حملے میں 149 افراد ہلاک جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر 1700 افراد کو متاثرین کے طور پر شناخت کیا گیا۔

حملے کے بعد دہشت گرد گاڑی کے ذریعے یوکرین کی سرحد کی جانب فرار ہو رہے تھے تاہم انہیں بریانسک ریجن میں گرفتار کر کے ماسکو منتقل کر دیا گیا۔

روسی حکام کے مطابق ملزمان کا تعلق داعش کی ولایت خراسان شاخ سے تھا، جو روس میں کالعدم تنظیم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں