ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو میں واقع ہائر اسکول آف اکنامکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے روسی وزارت خارجہ کے مشیر اور ممتاز ماہرِ خارجہ پالیسی سرگئی الیگزینڈرووچ کاراگانوف سے ملاقات کی۔
سرگئی کاراگانوف اس ادارے میں عالمی معیشت و بین الاقوامی امور کی فیکلٹی اور سینٹر فار کمپریہینسو یورپین اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے علمی نگران بھی ہیں۔
ملاقات کے دوران سرگئی کاراگانوف نے فروری میں ہائر اسکول آف اکنامکس میں پاکستان اور روس کے تعلقات کے موضوع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی کی گفتگو اور لیکچر کو سراہا۔
گفتگو کے دوران کاراگانوف نے موجودہ عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع اور روس یوکرین جنگ کے حوالے سے روس کے مؤقف اور اپنے ذاتی خیالات کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روس کی خارجہ پالیسی اور یوریشیائی رابطہ کاری کے وژن میں سرگئی کاراگانوف کے کردار کو سراہا اور ہائر اسکول آف اکنامکس میں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ان کی گفتگو کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش رکھتا ہے اور خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے اپنی بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔









