ماسکو(وائس آف رشیا) بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک اور گھنائونا پروپیگنڈا بے نقاب ہوا ہے. بھارتی میڈیا کے متعدد اداروں ، ایکانومک ٹائمز، ریپبلک ورلڈ، فرسٹ پوسٹ اور دیگر پورٹلز نے ایک ہی وقت میں یہ خبر چلائی کہ روسی سیکیورٹی اداروں نے سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک نیٹ ورک پکڑا ہے جو مبینہ طور پر پاکستان سے منسلک تھا۔
ان رپورٹس میں روسی دفاعی نظام ایس-400 اور ایم آئی-8 ہیلی کاپٹرز کے راز اسمگل کرنے کے الزامات لگائے گئے۔
سفارت خانہ پاکستان ماسکو نے اس خبر کو جھوٹا اور بے بنیاد قراردیا ہے. سفارت خانہ پاکستان کے مطابق آزاد ذرائع اور روسی میڈیا کی تحقیقات میں اس خبر کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔ روس کے معروف ادارے تاس، ریانووستی، آر ٹی اور کومرسانت نے اس واقعے پر کوئی خبر شائع نہیں کی۔ اور نہ ہی روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس یا کسی روسی عدالت نے ایسی کسی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
سفارتخانہ پاکستان ماسکو نے بھارتی میڈیا کی من گھڑت خبر کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روسی سازوسامان کی معلومات پاکستان اسمگل کرنے کی کوئی کوشش نہیں ہوئی۔ یہ جھوٹا پروپیگنڈا اُن عناصر کی مایوسی ظاہر کرتا ہے جو پاکستان اور روس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نقصان نہیں پہنچا سکے۔
سفارتخانے نے یہ بھی واضح کیا کہ اسی میڈیا ادارے نے روسی سفارتخانے اسلام آباد کے ایک نجی اخبار سے متعلق بیان کو غلط انداز میں پیش کرکے اسے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی، جو سراسر بے بنیاد ہے۔
بیان میں مزید کہا گیاہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، اور ایسے منفی بیانیے ان تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے۔









