روسی سرزمین پر دہشت گرد حملے کیف حکومت اور مغربی ممالک کا مشترکہ جرم ہیں، ماریہ زخارووا

ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ روسی سرزمین پر ہونے والے دہشت گرد حملے صرف کیف حکومت کی کارروائیاں نہیں بلکہ مغربی ممالک اور یوکرین کا مشترکہ جرم ہیں۔

روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ماریہ زخارووا نے کہا کہ مغربی ممالک سیاسی اور اقتصادی وجوہات کے باعث کیف حکومت کے ساتھ اس حد تک جڑ چکے ہیں کہ دونوں کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال میں مغربی ممالک اپنی کمزوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جارحانہ طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہیں اور اسی وجہ سے وہ کیف حکومت کے ذریعے روس کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

ماریہ زخارووا کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک بیان نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ روس کے خلاف ہونے والے حملے صرف کیف حکومت کی کارروائیاں نہیں بلکہ مغربی ممالک کی شمولیت سے انجام دیے جا رہے ہیں، اس لیے یہ کیف حکومت اور مغربی ممالک کا مشترکہ جرم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغربی یورپی ممالک روس کے ساتھ مذاکرات اور سفارتی روابط کو فروغ دینے کے بجائے ایسے تمام امکانات کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق یورپی یونین اور اس کے بعض رکن ممالک کا موجودہ طرزِ عمل مذاکرات اور رابطوں کے قیام کے برعکس ہے، اور وہ روس کے ساتھ کسی بھی ممکنہ سفارتی رابطے کو روکنے کے لیے سرگرم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں