قازان (وائس آف رشیا) روس کے شہر قازان میں بین الاقوامی ثقافتی میلے “رشیا۔ایسٹ” ایسٹرن بازار ان کازان کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ آج حاصل ہونے والی ثقافتی تفہیم مستقبل میں مضبوط معاشی تعلقات کی بنیاد ثابت ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تاتارستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، کیونکہ دونوں خطوں میں ثقافتی مماثلتیں اور باہمی احترام کی روایت موجود ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک نوجوان افرادی قوت اور وسیع صارف مارکیٹ کا حامل ملک ہے، اور اس تناظر میں تاتارستان کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور علمی تبادلے کے امکانات روشن ہیں۔
میلے کی افتتاحی تقریب میں چالیس ممالک کے نمائندوں، فنکاروں، محققین اور سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جن میں تیس اسلامی ممالک بھی شامل تھے۔
فیسٹیول میں موسیقی، رقص، فنونِ لطیفہ، اور روایتی ہنر کے مظاہرے کیے گئے، جو مختلف قومیتوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کا حسین منظر پیش کر رہے تھے۔
میلہ دو روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران مختلف ممالک کے اسٹالز اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
پاکستانی سفیر کے مطابق اس طرح کے مواقع نہ صرف باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے اہم ہیں بلکہ عوامی سطح پر دوستی کے رشتے کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔











