دبئی (المدثر نیوز ایجنسی) دنیا بھر میں تعلیم کے شعبے میں ایک انقلابی قدم کے طور پر ڈی می لُون گروپ (Demi Lune Group) نے دبئی میں جدید تعلیمی نظام “شِک سَک (Shiksak)” کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ نظام مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر مبنی ایک جدید ایجوکیشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) ہے جو اساتذہ، طلباء اور تعلیمی اداروں کے لیے نئے امکانات فراہم کرے گا۔
افتتاحی تقریب دبئی میں ایک شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس میں متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے ارکان، عالمی تعلیمی رہنما اور ٹیکنالوجی ماہرین نے شرکت کی۔ تقریب میں عالی مرتبت شہزادہ شیخ عمار بن سالم بن ماجد القاسمی خصوصی طور پر شریک ہوئے، ان کے ہمراہ مشیر ڈاکٹر محمد سعید الماسوروری اور پولیس کے میجر ڈاکٹر صالح جمعہ محمد بالحاج المرصدہ بھی موجود تھے۔
ڈی می لون گروپ کی چیئرپرسن ڈاکٹر مون مکھرجی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ کمپنی کا مقصد ٹیکنالوجی، اختراع اور قائدانہ صلاحیت کے ذریعے تعلیم کو نئے دور میں داخل کرنا ہے۔
شِک سَک کے سی ای او نندن رائے نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیم کو ازسرِنو متعین کیا جائے تاکہ ہر طالب علم کا تعلیمی سفر ذاتی نوعیت کا اور ہر استاد کا کام زیادہ مؤثر ہو۔ شِک سَک محض ایک پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک عالمی تعلیمی تحریک ہے۔”
تقریب میں گوگل کے ایجوکیشن سولیوشن منیجر مرتضیٰ سننر والا، اے آئی سائنسدان کوہینور رائے، لرننگ میٹ کے شریک بانی جولون روڈریگز اور کیو ای ٹو اکیڈمی کے ڈائریکٹر پیٹرک کوڈین نے تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
بعد ازاں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں ڈاکٹر مون مکھرجی، آمنہ کونیٹے، نندن رائے، مَنِک ڈے اور کوہینور رائے نے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیے اور شک سک کے اے آئی پاورڈ ماڈیولز اور جی پی ٹی لرننگ سسٹم کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر ایک ایوارڈ اینڈ ریکگنیشن تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں تعلیم اور جدت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے عالمی شخصیات مرتضیٰ سننر والا، پیٹرک کوڈین، سوراو گپتا، مادیگوئین ندیائے، لوونس چنگومبے، اور ڈاکٹر ماریکا کرونز کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اختتامی خطاب میں مَنِک ڈے، چیف اسٹریٹجی و سیلز آفیسر شِک سَک نے کہا کہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات، خلیجی ممالک اور کامن ویلتھ ریاستوں میں تعلیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا نیا آغاز ثابت ہوگا۔









