ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس اور یورپ کے درمیان تعلقات اس وقت شدید بحران کا شکار ہیں، تاہم اس صورتحال کا ذمہ دار ماسکو نہیں ہے۔
روسی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ولادیمیر پیوٹن نے یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات پر روسی سفارتکاری کے نتائج کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ “روس اور یورپی ممالک کے درمیان تعلقات بحران میں ہیں، لیکن اس کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ روس نے کبھی بھی یورپ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے یا بحال کرنے سے انکار نہیں کیا۔
روسی صدر نے اس بحران کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسے یوکرین کی صورتحال سے جوڑنا مکمل طور پر درست نہیں، بلکہ اس کے پیچھے سابق امریکی انتظامیہ اور بعض یورپی رہنماؤں کا کردار ہے۔
ولادیمیر پیوٹن کے مطابق 2014 میں یوکرین میں ہونے والی بغاوت نے ایسے واقعات کو جنم دیا جن کے اثرات آج تک جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے اقدامات نے ایک ایسا سلسلہ شروع کیا جس نے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دیا۔
روسی صدر نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ماسکو یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور بہتری کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے باہمی اعتماد اور حقیقت پسندانہ پالیسیوں کی ضرورت ہے۔









