امریکہ جی 20 سربراہی اجلاس میں صدر پوتن کی شرکت کا خواہاں ہے، روسی وزارت خارجہ

ماسکو (وائس آف رشیا): روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور مارات بردییف نے کہا ہے کہ امریکہ رواں سال دسمبر میں میامی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کی شرکت کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے ماسکو کو مثبت اشارے بھی دیے جا رہے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے TASS کو انٹرویو دیتے ہوئے مارات بردییف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر عوامی طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ جی 20 اجلاس میں صدر پوتن کی موجودگی مفید ثابت ہوگی۔ ان کے بقول امریکی صدر کی شیرپا ٹیم بھی روس کو اسی نوعیت کا پیغام دے رہی ہے۔

روسی سفارت کار نے کہا کہ یہ محض سفارتی آداب کا اظہار نہیں بلکہ ایک عملی ضرورت ہے، کیونکہ جی 20 عالمی رہنماؤں کے درمیان براہِ راست تبادلۂ خیال کا اہم فورم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے عالمی حالات میں رہنماؤں کے درمیان مکالمہ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے، اور روس کے بغیر دنیا کو درپیش خطرات اور بحرانوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ممکن نہیں۔

تاہم مارات بردییف نے واضح کیا کہ روس نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ دسمبر میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں روسی وفد کی نمائندگی کس سطح پر ہوگی اور آیا صدر ولادیمیر پوتن خود اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں