ماسکو:(شاہد گھمن سے) روس کے شہر یکاتیرنبرگ میں بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 کا آغاز ہوگیا، جس میں پاکستان کے 250 نوجوان ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
فیسٹیول کی انتظامیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 11 سے 17 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں دنیا کے 191 ممالک سے 35 سال سے کم عمر کے 10 ہزار نوجوان رہنما شرکت کر رہے ہیں۔
فیسٹیول کے مجموعی شرکا میں پانچ ہزار روسی اور پانچ ہزار غیر ملکی نوجوان شامل ہیں۔ پاکستان سے فیسٹیول میں شرکت کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے تقریباً 250 نوجوانوں کو ملک کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق سوویت یونین کا حصہ رہنے والے ممالک سے ایک ہزار سے زائد نوجوان فیسٹیول میں شریک ہیں۔ ارجنٹائن، برازیل، بھارت، چین، میکسیکو اور سعودی عرب بھی سب سے بڑے وفود بھیجنے والے ممالک میں شامل ہیں۔
مغربی ممالک کے نوجوان بھی فیسٹیول میں شرکت کر رہے ہیں۔ فرانس، برطانیہ اور اٹلی سے مجموعی طور پر ایک سو سے زائد مندوبین یکاتیرنبرگ پہنچے ہیں، جبکہ امریکا سے آٹھ اور کینیڈا سے 13 نوجوان فیسٹیول کا حصہ ہیں۔
بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 کو مختلف شعبوں کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے۔ شرکا میڈیا، تخلیقی صنعتوں، سرکاری نظم و نسق، سائنس و تعلیم، کھیل، کاروبار، ڈیجیٹلائزیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سماجی شعبے سمیت آٹھ پیشہ ورانہ شعبوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
فیسٹیول کے دوران 13 سے 16 ستمبر تک منعقد ہونے والا ’’میڈیا اسٹریم‘‘ پروگرام میڈیا، صحافت، کانٹینٹ کی تیاری اور تخلیقی صنعتوں سے وابستہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔
میڈیا اسٹریم پروگرام میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معروف بلاگرز، صحافی، پروڈیوسرز، سائنس دان اور فنکار شریک ہوں گے، جو میڈیا انڈسٹری کے مستقبل، جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی صنعتوں اور نوجوانوں کو درپیش نئے چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستانی شرکا کو مختلف پینل مباحثوں میں شرکت کا موقع بھی ملے گا۔ مباحثوں میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آج کے دور میں غیر ملکی نوجوانوں کو روس کی جانب کون سے عوامل متوجہ کرتے ہیں اور کیا ثقافت اب بھی بین الاقوامی مکالمے کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
پینل مباحثوں میں عالمی سطح پر روس کے تحقیقی منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی طلب، ڈیپ فیک کے بڑھتے ہوئے استعمال، سوشل میڈیا کے تیز رفتار پھیلاؤ اور موجودہ ڈیجیٹل دور میں تنقیدی سوچ اور اقدار پر مبنی عالمی نقطہ نظر کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
فیسٹیول میں شریک نمایاں بین الاقوامی مہمانوں میں آسٹریا کی سابق وزیر خارجہ کیرن کنائسل، امریکا سے مارینسکی تھیٹر کے کنڈکٹر کرسچن نیپ، اٹلی کے پیانو نواز اور بلاگر لورینزو باگناتی، سربیا کے تھیٹر اور فلمی اداکار الیگزینڈر رادوجیچ، ٹی وی برکس افریقہ کی صدر آیاندا ہولو، آئرلینڈ کے صحافی چے بوز اور چین کے فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار لیو شوان شامل ہیں۔
روس کی جانب سے وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا، روساٹم کے شعبہ مواصلات کے ڈائریکٹر آندرے تیمونوف، آر ٹی چائنا کے سربراہ ویسوولود پولیا، گلوکارہ تاتیانا کورتوکووا، انٹرنیٹ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل الیکسی گوریسلاوسکی، سویوزملٹ فلم کی بورڈ چیئرپرسن یولیانا سلاشچیوا اور وی کے کے اسٹریٹجک پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر دیمتری اواروف سمیت متعدد اہم شخصیات خطاب کریں گی۔
معروف روسی مزاحیہ جوڑی وووان اور لیکسس بھی میڈیا اسٹریم پروگرام میں شرکت کرے گی۔
میڈیا اسٹریم پروگرام کی نمایاں سرگرمیوں میں معروف اداکار اور پروڈیوسر میلوس بیکووچ کے ساتھ خصوصی نشست بھی شامل ہے۔ میلوس بیکووچ ’’ریڈ سلک‘‘، ’’سرف‘‘، ’’دی چیلنج‘‘، ’’دی بالکن لائن‘‘ اور ’’آئس‘‘ جیسی فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
خصوصی نشست کے دوران میلوس بیکووچ اداکاری کے شعبے، فلمی صنعت کے نئے رجحانات اور روس کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں شرکا کے سوالات کے جوابات دیں گے۔ اس نشست کی میزبانی معروف ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کلیم شیپینکو کریں گے۔
امریکی ٹی وی میزبان رک سانچیز بھی فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔ وہ چار امریکی صدور کے علاوہ کیوبا کے سابق رہنما فیڈل کاسترو اور سابق سوویت صدر میخائل گورباچوف کے انٹرویوز کر چکے ہیں۔
سی این این، ایم ایس این بی سی اور فاکس نیوز سے وابستہ رہنے والے رک سانچیز شرکا کو مؤثر اور طاقتور انٹرویو کرنے کے طریقوں اور اپنے صحافتی تجربات سے آگاہ کریں گے۔ وہ اس وقت روسی نشریاتی ادارے آر ٹی پر ’’دی سانچیز ایفیکٹ‘‘ کے نام سے پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں۔
میڈیا اسٹریم کے دوران ایک عوامی مذاکرہ بھی منعقد ہوگا، جس میں وی کے ویڈیو کے کانٹینٹ ڈائریکٹر میتیا لیووین، اداکار اور ٹی وی میزبان آرسینی پوپوف اور وی کونتاکتے کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر نکیتا نیچکالیوک شرکت کریں گے۔
مذاکرے کے دوران اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کانٹینٹ کریئیٹرز اپنی تخلیقی سرگرمیوں کو مکمل کاروبار اور میڈیا ایکو سسٹم میں کس طرح تبدیل کرتے ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز انہیں آمدنی حاصل کرنے میں کس طرح مدد فراہم کرتے ہیں اور تخلیقی صلاحیت اور تجارت کے درمیان حد کہاں قائم ہوتی ہے۔
میڈیا اسٹریم کے شراکت داروں کے زیر اہتمام مختلف ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں تخلیقی مصنوعی ذہانت کے استعمال، نیوز کانٹینٹ کی تیاری، تخلیقی سوچ کے فروغ اور اسٹریمنگ سروسز کے استعمال جیسے موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔
یہ موضوعات پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے اور اس سے وابستہ نوجوانوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
فیسٹیول کے شرکا ’’کانٹینٹ ریس‘‘ میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے میڈیا اسٹریم کے شراکت داروں کی جانب سے انعامات بھی جیت سکیں گے۔
کانٹینٹ ریس سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ تخلیقی پوسٹس تیار کرنے کا مقابلہ ہے، جس کے ذریعے پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور بین الاقوامی شناخت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے بین الاقوامی یوتھ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق فرمان کے تحت یکم سے 7 مارچ 2024 تک روس کے وفاقی علاقے سیریس میں عالمی یوتھ فیسٹیول منعقد کیا گیا تھا۔
عالمی یوتھ فیسٹیول 2024 میں دنیا کے 190 ممالک سے 20 ہزار نوجوان رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ سال 2025 میں نزنی نووگورود میں عالمی یوتھ فیسٹیول اسمبلی منعقد ہوئی، جس میں 120 ممالک سے دو ہزار نوجوان شریک ہوئے تھے۔
سال 2026 کے بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول میں 10 ہزار نوجوان شرکت کر رہے ہیں، جبکہ 20 ہزار شرکا پر مشتمل آئندہ عالمی یوتھ فیسٹیول 2030 میں منعقد کیا جائے گا۔
بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 کے لیے دنیا بھر سے ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ فیسٹیول تحریک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر ملکی نوجوانوں کی درخواستوں کی تعداد روسی درخواست گزاروں کے مقابلے میں 32 ہزار زیادہ رہی۔
منتظمین کے مطابق غیر ملکی نوجوانوں کی درخواستوں میں نمایاں اضافہ بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے پلیٹ فارم میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔









