ماسکو:(وائس آف رشیا) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی مسلح افواج نے 28 اگست کی شام اور 29 اگست کی رات یوکرینی فوج کے زیر استعمال لاجسٹک مراکز اور سمندری بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق کیف اور کیف ریجن میں فِم سروس کے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں طویل فاصلے تک مار کرنے والے فلیمنگو کروز میزائلوں کے اجزا ذخیرہ کیے گئے تھے۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ چائیکی کے علاقے میں قائم مذکورہ مرکز پر حملہ آور ڈرونز اور فضا سے داغے جانے والے انتہائی درست ہتھیاروں سے کارروائی کی گئی۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق ازمائیل کی بندرگاہ میں ایندھن بردار ٹینکروں کی پارکنگ اور یوکرینی فوج کے لیے ایندھن اتارنے کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسی طرح نیکولائیف بندرگاہ میں سمندری کارگو ٹرمینل، فوجی سامان اتارنے اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک مراکز، فوجی سامان کے 18 گودام اور یوکرینی افواج کو ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی تین ذخیرہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
روسی وزارت دفاع نے کہا کہ کالینوفکا میں ایک لاجسٹک مرکز پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں قائم کسٹمز ٹرمینل مغربی ممالک سے آنے والے فوجی سامان کی تقسیم کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
وزارت دفاع کے مطابق ملیا کے علاقے میں فائر پوائنٹ ایل ایل سی کے زیر انتظام ایک گولہ بارود ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں FP-1 اور FP-2 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کے اجزا اور لانچ بوسٹرز ذخیرہ کیے گئے تھے۔









