ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے بین الاقوامی تعلیمی منصوبے “ایٹمک ڈکٹیشن 2026” کا آغاز 28 اگست سے ہوگا، جو ایک ماہ جاری رہنے کے بعد 28 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ رواں سال منصوبے کی بین الاقوامی سطح پر سرگرمیوں میں مزید توسیع کی گئی ہے اور بیلاروس، ترکیہ، آرمینیا، بنگلہ دیش، مصر، بھارت، قازقستان، چین اور ازبکستان میں بھی شرکاء اور مراکز اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق “ایٹمک ڈکٹیشن” روس کی جوہری صنعت سے وابستہ تنظیموں کی یونین “اٹامنئے گورودا” کا سالانہ بین الاقوامی تعلیمی منصوبہ ہے، جسے روس کی سرکاری ایٹمی کارپوریشن روس اٹوم کی معاونت حاصل ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شرکاء کو روسی جوہری صنعت کی تاریخ، کامیابیوں، ممتاز شخصیات اور جدید پیش رفت سے آگاہ کرنا ہے، جن میں جوہری طب، ایٹمی توانائی، آرکٹک کی ترقی اور خلائی تحقیق شامل ہیں۔
سال 2025 میں اس منصوبے کے بیرون ملک بالمشافہ مراکز بیلاروس، ہنگری اور ترکیہ میں قائم کیے گئے تھے، جبکہ 2026 میں روس بھر میں 500 سے زائد مراکز اس پروگرام کا حصہ بنیں گے اور اس کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے گی۔ بیرون ملک تمام مراکز کی مکمل فہرست منصوبے کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔
منصوبے کے سوالات جوہری سائنس کی تاریخ، روسی سائنس دانوں اور انجینئروں کی کامیابیوں، جدید ٹیکنالوجیز اور ان کے عملی استعمال سے متعلق ہوں گے۔ موضوعات میں ایٹمی توانائی، جوہری طب، جوہری آئس بریکر بیڑا، آرکٹک کی ترقی، خلائی تحقیق اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔ بعض سوالات ویڈیو فارمیٹ میں بھی پیش کیے جائیں گے، جن میں جوہری صنعت، سائنس، تعلیم، ثقافت، کھیل اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔
بین الاقوامی شرکاء کے لیے رواں سال “ایٹمک ڈکٹیشن 2026” انگریزی، فرانسیسی، چینی، ترکی اور عربی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا۔ پروگرام ہر عمر اور تعلیمی پس منظر کے افراد کے لیے کھلا ہے اور اس میں شرکت کے لیے جوہری شعبے کی خصوصی تعلیم ضروری نہیں۔ شرکاء روس یا بیرون ملک قائم کسی سرکاری مرکز میں بالمشافہ، یا کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے ذریعے آن لائن حصہ لے سکیں گے۔ پروگرام مکمل کرنے والے ہر شریک کو الیکٹرانک ڈپلومہ بھی دیا جائے گا۔
“ایٹمک ڈکٹیشن” کا آغاز 2021 میں ہوا تھا اور اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد افراد اس میں حصہ لے چکے ہیں، جبکہ روس اور بیرون ملک تعلیمی اداروں، ثقافتی مراکز، صنعتی اداروں اور دیگر مقامات پر 300 سے زیادہ بالمشافہ پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں۔ “ایٹمک ڈکٹیشن 2026” کا اختتام 28 ستمبر کو روس میں جوہری صنعت کے کارکنوں کے دن کے موقع پر ہوگا۔









