روس اور امریکا کے انٹیلی جنس سربراہان کی ماسکو میں ملاقات، سرگئی ناریشکن نے تصدیق کردی

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کی فارن انٹیلی جنس سروس ایس وی آر کے ڈائریکٹر سرگئی ناریشکن نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ماسکو میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کی، تاہم ان کے مطابق اس نوعیت کے رابطے انٹیلی جنس اداروں کے معمول کے کام کا حصہ ہیں۔

سرگئی ناریشکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات ہوئی تھی اور اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے انٹیلی جنس سربراہان کے درمیان بالمشافہ یا آن لائن ملاقاتیں ان کے پیشہ ورانہ فرائض کا حصہ ہیں۔

ناریشکن کے مطابق وہ دنیا کے مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والے انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان سے تقریباً ہر ہفتے رابطے یا ملاقاتیں کرتے ہیں، اس لیے جان ریٹکلف کے ساتھ ملاقات بھی معمول کے کام کا حصہ تھی۔

امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف منگل کے روز ماسکو پہنچے تھے۔

روسی انٹیلی جنس سربراہ نے بتایا کہ ملاقات میں انٹیلی جنس سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی، تاہم انہوں نے تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اداروں کا کام انتہائی حساس اور مخصوص نوعیت کا ہوتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس سے قبل سی آئی اے ڈائریکٹر کے دورۂ روس کو معمول کے نوعیت کے رابطوں کا حصہ قرار دے چکے ہیں۔

سرگئی ناریشکن نے ملاقات کے مخصوص ایجنڈے یا زیر بحث انٹیلی جنس معاملات کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں