ایس سی او سربراہی اجلاس میں متعدد عالمی ملاقاتیں، ای ای ایف میں اہم خطاب؛ صدر پوتن کا شیڈول

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن 31 اگست اور یکم ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک جائیں گے، جس کے بعد وہ روس کے مشرق بعید کے شہر ولادی ووستوک روانہ ہوں گے جہاں 11ویں ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔

روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق صدر پوتن 3 ستمبر کو ایسٹرن اکنامک فورم کے مرکزی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے۔

اوشاکوف نے بتایا کہ روسی اور بیلاروسی صدور ولادیمیر پوتن اور الیگزینڈر لوکاشینکو ہفتے کے روز مذاکرات کے بعد غیر رسمی ملاقات بھی کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران 20 سے 25 دستاویزات کی منظوری متوقع ہے، جن میں بشکیک اعلامیہ بھی شامل ہوگا۔

31 اگست کو صدر پوتن ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ایس سی او اجلاس کے موقع پر یہ بھی اعلان کیا جائے گا کہ ساتویں ورلڈ نومیڈ گیمز 2027 میں کازان میں منعقد ہوں گے۔

صدر پوتن کے لیے ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر نو دوطرفہ ملاقاتیں طے کی گئی ہیں۔

31 اگست کو صدر پوتن چینی صدر شی جن پنگ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ملاقاتیں کریں گے۔

یکم ستمبر کو صدر پوتن ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کریں گے۔ یوری اوشاکوف کے مطابق مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور ایران کے گرد پیدا ہونے والے حالات کے تناظر میں یہ ملاقات خاص اہمیت کی حامل ہوگی۔

اسی روز صدر پوتن ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی مذاکرات کریں گے، جن میں یوکرین اور بحیرہ اسود کی صورتحال زیر بحث آئے گی۔

روسی صدر کی آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشینیان سے ملاقات میں آرمینیا کے یورپی رجحان سمیت مختلف امور پر بات چیت متوقع ہے۔

صدر پوتن بشکیک میں کرغزستان، تاجکستان اور منگولیا کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایس سی او سربراہی اجلاس کے اختتام کے بعد روسی صدر صحافیوں سے گفتگو کریں گے۔

صدر پوتن یکم سے 3 ستمبر تک ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔

3 ستمبر کو فورم کے مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن متعدد اہم موضوعات پر تفصیلی اظہار خیال کریں گے۔ یوری اوشاکوف کے مطابق یہ خطاب فورم کا مرکزی ایونٹ ہوگا۔

ای ای ایف کے مرکزی اجلاس سے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو، منگولیا کے وزیراعظم نیام-اوسورین اوچرل، میانمار کے نائب صدر نیو سا اور چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئی شیانگ بھی خطاب کریں گے۔

2 ستمبر کو ولادی ووستوک میں صدر پوتن چینی نائب وزیراعظم ڈنگ شوئی شیانگ اور منگولیا کے وزیراعظم نیام-اوسورین اوچرل سے ملاقات کریں گے۔

3 ستمبر کو صدر پوتن انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ بزنس بریک فاسٹ کی شکل میں مذاکرات کریں گے۔

یوکرین تنازع کے حوالے سے کریملن نے کہا ہے کہ اسے کیف کی جانب سے ستمبر میں امریکا کی شرکت کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے امکان کے بارے میں کوئی براہ راست معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں