ماسکو: ایچ ای سی یونیورسٹی میں تین روزہ بین الثقافتی میلے کا انعقاد

ماسکو کی معروف ہائر اسکول آف اکنامکس یونیورسٹی میں تین روزہ بین الثقافتی میلے کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان، روس، چین، ترکی، بھارت، آذربائیجان، قازقستان، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، بیلاروس، سربیا، اور یونان سمیت درجنوں ممالک کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اور اپنے اپنے ممالک کی ثقافت، موسیقی اور رقص کے ذریعے عالمی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔

پانچ نومبر سے شروع ہونے والے اس میلے میں درجنوں ملکوں کی کلچرل ٹیموں نے حصہ لیا۔ چھ نومبر کو ہونے والی تقریب میں پاکستانی طلبا نے اپنی ثقافت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

سفارتخانہ پاکستان ماسکو کے تعاون سے لگائے گئے پاکستانی اسٹال نے حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ اسٹال پر پاکستان کی روایتی دستکاری، ثقافتی لباس اور یادگار اشیاء رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی سٹال پر سموسے، پکوڑے، شامی کباب، دہی بھلے اور گلاب جامن بھی رکھے گئے جنہیں شرکا نے بے حد پسند کیا.

پاکستانی طالبات نے دوسرے ممالک کی طالبات کو مہندی لگا کر دوستی اور محبت کا خوبصورت پیغام دیا۔ غیر ملکی طلبہ و طالبات نے پاکستانی اسٹال میں خاص دلچسپی ظاہر کی اور پاکستان کی ثقافت، مہمان نوازی اور تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ جبکہ پاکستانی طلبہ نے روایتی رقص پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے.

شرکاء نے پاکستانی اسٹال اور پرفارمنس کو خوب سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرامز مختلف قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

یہ بین الثقافتی میلہ سات نومبر تک جاری رہا، جس میں دنیا کے پچاس سے زائد ممالک کے طلبہ نے حصہ لیا۔ جبکہ اس میلے کا مقصد عالمی سطح پر ثقافتی ہم آہنگی، دوستی اور تنوع ک. فروغ دینا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں