اسلام آباد (وائس آف رشیا) روس نے پاکستان پوسٹ کی بین الاقوامی میل سروسز واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث معطل کر دی ہیں، جبکہ پاکستان پوسٹ کے ذمے واجبات کی مجموعی رقم کروڑوں میں پہنچ چکی ہے۔
قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے روس کی جانب سے سروس معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پوسٹ نے روسی حکام کے واجبات کی ادائیگی طویل عرصے سے نہیں کی، جس کے نتیجے میں یہ اقدام سامنے آیا۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق روس کے واجبات کی مد میں 5 کروڑ 50 لاکھ روپے طویل عرصہ سے ادا نہیں کیے گئے،
جبکہ 12 نومبر 2021 تک پاکستان پوسٹ کے مجموعی واجبات 31 کروڑ روپے سے بھی زائد ہو چکے تھے۔
وزارتِ مواصلات کا کہنا ہے کہ واجبات کی ادائیگی کا انحصار وزارتِ خزانہ کی جانب سے فنڈز کے اجراء پر ہے۔ فنڈز کی فراہمی کے بعد بقایاجات کو کلیئر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق روس نے پاکستان پوسٹ کی خدمات اگست 2025 سے معطل کر رکھی ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ڈاک کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔









