ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں تعینات پاکستان کے سفیر ہٰی۔ای۔ فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو کے پاکستان ہاؤس میں روس کے سابق سفیر برائے سعودی عرب ہٰی۔ای۔ بکلانوف آندرے گلیبووِچ اور ہائر اسکول آف اکنامکس (HSE) کے بین الاقوامی تعلقات کے طلبہ کے وفد کی میزبانی کی۔ وفد میں پاکستان، روس، ازبکستان اور تاجکستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران سفیر فیصل نیاز ترمذی نے طلبہ کو وادیِ سندھ کی قدیم تہذیب اور پاکستان کی تاریخ سے آگاہ کیا اور پاکستان اور روس کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری ترقی، تعاون اور علاقائی رابطوں کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا، خصوصاً وسط ایشیائی ریاستوں کے ذریعے روس کے ساتھ رابطوں کے نئے امکانات پر بات کی۔
سفیرپاکستان نے عالمی سیاست، خارجہ پالیسی، موجودہ عالمی حالات اور تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی ترتیب پر طلبہ کے متعدد سوالات کے جواب بھی دیے۔
ہائر اسکول آف اکنامکس کے وفد نے سفیر پاکستان کو یونیورسٹی میں خصوصی لیکچر دینے کی دعوت بھی دی، جسے سفیر نے بخوشی قبول کرلیا۔















