ماسکو:(وائس آف رشیا) روسی فضائی دفاعی نظام نے ماسکو کی جانب آنے والے مجموعی طور پر 338 ڈرونز کو تباہ کردیا، جبکہ جاری ڈرون حملے کے نتیجے میں ماسکو آئل ریفائنری کے احاطے میں واقع ایک تنصیب کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ذرایع کے مطابق ڈرونز کی مجموعی تعداد ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کی جانب سے جاری کردہ معلومات کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔
ماسکو کے میئر نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ روسی وزارت دفاع کے فضائی دفاعی دستوں نے دارالحکومت کی جانب آنے والے مزید 152 ڈرونز کو تباہ کیا۔ اس سے قبل سرگئی سوبیانین نے ماسکو کی جانب آنے والے 186 ڈرونز مار گرائے جانے کی اطلاع دی تھی۔
مزید 152 ڈرونز تباہ کیے جانے کے بعد ماسکو کی جانب آنے والے مار گرائے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد 338 ہوگئی ہے۔ ڈرون حملوں کا سلسلہ اتوار کو ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے جاری ہے۔
سرگئی سوبیانین نے میکس میسنجر پر جاری بیان میں کہا کہ دشمن ڈرونز کی جانب سے ماسکو پر حملہ جاری ہے اور اس دوران ماسکو آئل ریفائنری کے احاطے میں واقع ایک تنصیب کو نقصان پہنچا ہے۔
ماسکو کے میئر کے مطابق آئل ریفائنری کی تنصیب کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرونز کا ملبہ گرنے والے علاقوں اور ماسکو آئل ریفائنری میں ہنگامی خدمات کے اہلکار موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔









