ماسکو میں ورلڈ فوڈ نمائش، 30 ممالک کی 873 کمپنیاں شریک

ماسکو:(شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں کھانے پینے کی مصنوعات کی 35ویں بین الاقوامی نمائش ’’ورلڈ فوڈ ماسکو 2026‘‘ جاری ہے، جس میں روس سمیت دنیا کے 30 ممالک سے تعلق رکھنے والی 873 کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

چار روزہ نمائش کا انعقاد 15 سے 18 ستمبر تک ماسکو کے کروکس ایکسپو انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر کے پویلین نمبر 3 کے ہال نمبر 14 اور 15 میں کیا گیا ہے۔ نمائش کا اہتمام آئی ٹی ای گروپ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ورلڈ فوڈ ماسکو کا آغاز 1992 میں ہوا تھا اور اس سال نمائش کی 35ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ نمائش خوراک تیار کرنے والی کمپنیوں، درآمد و برآمد کنندگان، تھوک فروشوں، تقسیم کار اداروں، ریٹیل کمپنیوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کیٹرنگ کے شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

نمائش میں روس، آرمینیا، بیلاروس، برازیل، چین، ایکواڈور، مصر، ایتھوپیا، جارجیا، بھارت، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، جنوبی کوریا، کرغزستان، ملائیشیا، نیدرلینڈز، عمان، سعودی عرب، سپین، سری لنکا، تاجکستان، تھائی لینڈ، تیونس، ترکی، ترکمانستان، متحدہ عرب امارات، ازبکستان اور ویتنام کی کمپنیاں شریک ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے اداروں کی مصنوعات بھی نمائش میں پیش کی گئی ہیں۔

ورلڈ فوڈ ماسکو میں 14 قومی پویلین بھی قائم کیے گئے ہیں۔ برازیل، ویتنام، مصر، بھارت، انڈونیشیا، چین، کرغزستان، متحدہ عرب امارات، عمان، تھائی لینڈ، تیونس، ترکی، ازبکستان اور جنوبی کوریا کی کمپنیاں اپنے قومی پویلینز کے تحت مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔

بھارت کو ورلڈ فوڈ ماسکو 2026 کا شراکت دار ملک قرار دیا گیا ہے۔ بھارتی زرعی اور پراسیسڈ فوڈ مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے ادارے، اے پی ای ڈی اے، کی زیر قیادت بھارتی کمپنیوں کے لیے اجتماعی پویلین قائم کیا گیا ہے۔

اس مرتبہ ورلڈ فوڈ ماسکو میں پاکستان کی کوئی کمپنی شرکت نہیں کر سکی اور نمائش کی سرکاری فہرست میں بھی کوئی پاکستانی ادارہ شامل نہیں ہے۔ نمائش سے وابستہ پاکستانی کاروباری حلقوں کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی کسی کمپنی نے ورلڈ فوڈ ماسکو میں اپنی مصنوعات پیش نہیں کیں۔

نمائش میں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ روس کے 50 سے زیادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے خوراک تیار کرنے والے ادارے اور سپلائرز بھی شریک ہیں۔ روسی کمپنیاں انفرادی طور پر اور علاقائی اجتماعی پویلینز کے ذریعے اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

روسی علاقائی پویلینز میں چیلیابنسک اور التائی کے پویلینز میں گیارہ، گیارہ کمپنیاں، جبکہ وورونژ کے پویلین میں چھ کمپنیاں شامل ہیں۔ بین الاقوامی پویلینز میں کرغزستان کی 14 اور ازبکستان کی آٹھ کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

اس سال 400 سے زیادہ کمپنیاں پہلی مرتبہ نمائش میں شرکت کر رہی ہیں، جن میں روس کی 105 اور دیگر ممالک کی 300 سے زیادہ کمپنیاں شامل ہیں۔ برازیل کی 19 کمپنیاں بھی پہلی مرتبہ ورلڈ فوڈ ماسکو میں شریک ہوئی ہیں۔

نمائش کو خوراک اور مشروبات سے متعلق 16 مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں کریانہ مصنوعات، مٹھائیاں اور بیکری مصنوعات، نامیاتی اور صحت بخش غذائیں، پھل اور سبزیاں، سافٹ ڈرنکس، چائے، کافی اور کوکو، غذائی اجزا، منجمد اور تیار کھانے، ڈبہ بند خوراک، خوردنی تیل، چکنائیاں اور ساسز شامل ہیں۔

نمائش میں حلال مصنوعات، دودھ اور پنیر، مچھلی اور سمندری خوراک، گوشت، پولٹری اور انڈے، الکوحل مشروبات، کاروباری خدمات اور خوراک سے متعلق دیگر مصنوعات کے لیے بھی علیحدہ حصے قائم کیے گئے ہیں۔

تازہ پھلوں اور سبزیوں کے شعبے کو نمائش میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جہاں مختلف ممالک اور روسی علاقوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں تازہ، منجمد اور پراسیس شدہ زرعی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

ورلڈ فوڈ ماسکو میں کمپنیوں کو اپنی مصنوعات روسی درآمد کنندگان، تقسیم کار اداروں، سپر مارکیٹ چینز، آن لائن پلیٹ فارمز اور ہوٹل و ریسٹورنٹ کے شعبے سے وابستہ خریداروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

منتظمین کے مطابق نمائش میں روس اور دیگر ممالک سے خوراک کی صنعت سے وابستہ 22 ہزار سے زیادہ پیشہ ور افراد کی شرکت متوقع ہے۔ نمائش میں 200 سے زیادہ کیٹیگری خریدار بھی کاروباری مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔

خریداروں میں آشان، ایکس فائیو گروپ، میگنٹ، ازبوکا وکوسا، لینتا، اوزون، گلوبس، میٹرو، یانڈیکس لاوکا، ساموکات، گیزپروم اور روس کی دیگر بڑی ریٹیل اور کاروباری کمپنیاں شامل ہیں۔

نمائش کے دوران سپلائرز اور بڑی ریٹیل کمپنیوں کے خریداروں کے درمیان براہ راست ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جہاں مصنوعات کی فراہمی، درآمد، تقسیم اور ممکنہ کاروباری معاہدوں سے متعلق بات چیت کی جا رہی ہے۔

گزشتہ سال ریٹیل چینز پروکیورمنٹ سینٹر کے تحت ساڑھے تین ہزار سے زیادہ کاروباری مذاکرات ہوئے تھے، جن کے نتیجے میں 91 ارب 50 کروڑ روبل مالیت کے دو ہزار 834 معاہدے طے پائے تھے۔

ورلڈ فوڈ ماسکو 2026 کے کاروباری پروگرام میں 80 سے زیادہ تقریبات اور نشستیں شامل ہیں، جن میں 170 سے زیادہ ماہرین، کاروباری شخصیات اور خوراک کی صنعت کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

کاروباری پروگرام فورم، ریٹیل اکیڈمی، ورلڈ فوڈ ہوریکا اور کلینری میراتھن کے عنوان سے چار مختلف مقامات پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان نشستوں میں خوراک کی منڈی، ریٹیل کے نئے رجحانات، آن لائن تجارت، نجی برانڈز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ریسٹورنٹ مینجمنٹ اور صارفین کی بدلتی ترجیحات پر گفتگو کی جا رہی ہے۔

نمائش میں ’’پروڈکٹ آف دی ایئر‘‘ اور ’’نیو پروڈکٹ آف دی ایئر‘‘ مقابلے بھی منعقد کیے گئے ہیں، جن میں نئی اور معیاری غذائی مصنوعات کا جائزہ لینے کے بعد نمایاں کمپنیوں کو اعزازات دیے گئے۔

ورلڈ فوڈ ماسکو کو روسی وزارت زراعت، وزارت صنعت و تجارت، ریاستی دُوما کی زرعی امور کمیٹی، روسی وفاقی ویٹرنری اور نباتاتی نگرانی کی سروس، ماسکو حکومت اور خوراک کی صنعت سے وابستہ مختلف روسی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں