ماسکو:(شاہد گھمن سے) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یکاتیرنبرگ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے شرکا اور مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ اپنے خوابوں کی جانب آگے بڑھیں۔
صدر ولادیمیر پوتن نے فیسٹیول کے شرکا کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہیں بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کے شرکا اور مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
روسی صدر نے کہا کہ اس سال شرکا یورال کے دارالحکومت یکاتیرنبرگ میں جمع ہوئے ہیں، جہاں یورپ اور ایشیا ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور تاریخ شہر کے ہر پتھر میں زندہ دکھائی دیتی ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ یورال کا خطہ صدیوں سے ایسے خیالات کی جائے پیدائش رہا ہے جنہوں نے روس کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ روس کے ابتدائی کارخانے، ملک کا پہلا صنعتی انقلاب اور جدید دور کی سینکڑوں سائنسی کامیابیاں اسی خطے سے وابستہ ہیں۔
صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس کے صنعتی، ثقافتی اور علمی ورثے کے اہم ترین مراکز میں شامل یکاتیرنبرگ سے بہتر مقام اور کون سا ہوسکتا ہے، جہاں مختلف ممالک کے نوجوان رہنما نئی ٹیکنالوجی کی آمد سے انسانی زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں اور مستقبل کی دنیا کے ممکنہ خدوخال پر تبادلہ خیال کریں۔
روسی صدر نے یقین دلایا کہ روس اپنے منصوبوں میں شامل ہونے کے خواہش مند ہر شخص کا خیرمقدم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان اپنے اپنے ممالک اور وطن میں ایک نئی، کھلی، مشترکہ اور امید ہے کہ منصفانہ دنیا کی تعمیر کریں گے تو روس کو اس پر بھی اتنی ہی خوشی ہوگی۔
صدر ولادیمیر پوتن نے نوجوان نسل کی کامیابی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی شک نہیں کہ نوجوان نسل کامیاب ہوگی۔
روسی صدر نے نوجوانوں سے کہا کہ یہ آپ کا وقت ہے، روس کے ساتھ اپنے خوابوں کی جانب بڑھیں۔
بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 11 سے 17 ستمبر تک روس کے شہر یکاتیرنبرگ میں ’’اپنے خواب کی پیروی کریں‘‘ کے عنوان سے منعقد ہو رہا ہے۔
فیسٹیول میں روس سمیت دنیا کے 191 ممالک سے 14 سے 35 سال کی عمر کے تقریباً 10 ہزار نوجوان رہنما شریک ہیں۔ 14 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے علیحدہ خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارہ تاس بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول کا مرکزی معلوماتی شراکت دار ہے۔









