ماسکو( وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان ہاؤس ماسکو میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد کے وفد کا استقبال کیا، جو تعلیمی مطالعاتی دورے کے سلسلے میں روس کے دورے پر موجود ہے۔
ملاقات میں روس کے معروف تھنک ٹینکس اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جہاں پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال، سکیورٹی، تعلیم، سفارت کاری اور تزویراتی تعاون سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات میں علمی اور فکری روابط اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں، تھنک ٹینکس اور پالیسی ساز حلقوں کے درمیان رابطے دونوں ممالک کے درمیان بہتر فہم اور تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تحقیق، تعلیم، علاقائی استحکام اور پالیسی مکالمے کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے ماہرین نے موجودہ بین الاقوامی اور علاقائی چیلنجز پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مستقبل میں علمی و تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔













