ماسکو(شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ٹیلیفون کر کے مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
کریملن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق صدر پوتن نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور ایک خصوصی تہنیتی پیغام بھی ارسال کیا، جس میں انہوں نے امریکی صدر کی غیر معمولی ذاتی اور سیاسی صلاحیتوں کو سراہا۔
یوری اوشاکوف نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر کے تہنیتی پیغام سے متاثر ہوئے اور انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں مبارکباد دینے والے پہلے غیر ملکی رہنما ولادیمیر پوتن ہیں۔
کریملن کے مطابق صدر پوتن نے اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ان نمایاں خصوصیات کا ذکر کیا جو ان کی سیاسی اور ذاتی کامیابیوں کا باعث بنیں۔ امریکی صدر نے اس پر اظہار تشکر کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
یوری اوشاکوف نے واضح کیا کہ روسی صدر کی جانب سے کوئی تحفہ نہیں بھیجا گیا، تاہم تہنیتی پیغام انتہائی گرمجوشی اور دوستانہ جذبات کا حامل تھا، جو دونوں صدور کے ذاتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ولادیمیر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلی ٹیلیفونک گفتگو تھی۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان 29 اپریل کو رابطہ ہوا تھا، جس میں یوکرین میں یومِ فتح کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق امور زیر بحث آئے تھے۔
مبصرین کے مطابق روسی اور امریکی صدور کے درمیان براہِ راست رابطے دونوں ممالک کے تعلقات اور بین الاقوامی امور پر ممکنہ سفارتی پیش رفت کے حوالے سے اہم سمجھے جا رہے ہیں۔









