ماسکو سے سمفیروپول مسافر ٹرین پر یوکرینی ڈرون حملہ، ایک اہلکار ہلاک، ایک زخمی

ماسکو (وائس آف رشیا) کریمیا جانے والی ماسکو۔سمفیروپول مسافر ٹرین کے انجن پر مبینہ یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک ریلوے اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ حکام کے مطابق ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

کریمیا کے سربراہ سرگئی اکسیونوف نے اپنے ٹیلی گرام بیان میں کہا کہ حملے میں ٹرین کے اسسٹنٹ انجینئر کی جان چلی گئی، جبکہ انجینئر زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حملے کے بعد کریمیا میں مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ ریلوے کمپنی گرینڈ سروس ایکسپریس کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت مختلف ٹرینوں کے مسافروں کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ ماسکو سے سمفیروپول آنے والی ٹرین کے تمام مسافروں کو بحفاظت سمفیروپول منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر متاثرہ ٹرینوں کے مسافروں کو بھی ان کی منزلوں، سمفیروپول اور سیواستوپول، تک پہنچایا گیا۔

دوسری جانب جنوبی ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ کریمیا کے ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہنگامی امدادی ٹیموں کے ساتھ مل کر جائے وقوعہ پر کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق حملے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ریلوے سروس کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں