ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ روس یوکرین بحران کے جلد سفارتی حل کے لیے تیار ہے، تاہم کیف اور اس کے مغربی اتحادی ایسی پوزیشن میں نہیں کہ کوئی شرائط مسلط کر سکیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ یوکرین کے مغربی سرپرست اس تنازع کو طول دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ کیف اب بھی روس کو “اسٹریٹجک شکست” دینے کے خواب دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپریل میں روس کی جانب سے اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کے دوران یوکرین نے 6,500 سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی۔
امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس کو ان بات چیت سے زیادہ توقعات نہیں، تاہم مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ موجودہ امریکی انتظامیہ کم از کم روس کے مؤقف کو سننے اور اس کے سرحدی مفادات کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔
روسی ترجمان کے مطابق یہی رویہ دونوں ممالک کے درمیان ایک حد تک باہمی سمجھ بوجھ پیدا کرنے کا باعث بنا، جسے “اسپرٹ آف اینکریج” قرار دیا جاتا ہے۔









