صدر پوتن کی کرغز صدر سے کریملن میں ملاقات، دوطرفہ تعاون اور اقتصادی روابط پر زور

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کریملن میں کرغزستان کے صدر سعدیر جاپاروف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر پوتن نے کرغز صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعدیر جاپاروف سے ملاقات پر خوشی ہے اور ان کے دورۂ روس کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونے والی ملاقاتیں انتہائی نتیجہ خیز رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے۔

صدر پوتن نے کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے فعال انداز میں کام کر رہی ہیں اور اس کے مثبت نتائج کرغزستان کی اقتصادی ترقی میں بھی نظر آ رہے ہیں۔

اس موقع پر کرغزستان کے صدر سعدیر جاپاروف نے روسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کے مضبوط رشتے قائم ہیں اور کرغزستان روس کا اسٹریٹجک شراکت دار اور قریبی اتحادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ رواں سال 31 اگست اور یکم ستمبر کو بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر پوتن کی شرکت کے منتظر ہیں۔

صدر جاپاروف نے کہا کہ موجودہ ملاقات دونوں ممالک کو دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کر رہی ہے، اور امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں